ٹھٹھہ ،عوام میں ووٹ کے حق، اہمیت اور اندراج کے متعلق آگہی اور شعور بیدارکیلئے تقریب

Published on December 8, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 122)      No Comments

ٹھٹھہ (یواین پی/ حمید چنڈ)ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی جانب سے ملک بھر کی طرح ٹھٹھہ میں بھی ضلعی سطح پر قومی ووٹرز دن منایا گیا تاکہ عوام میں ووٹ کے حق، اہمیت اور اندراج کے متعلق آگہی اور شعور بیدار کیا جا سکے۔ اس ضمن میں جیمخانہ کلب مکلی میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری اور ریجنل الیکشن کمشنر عبدالرحمٰن آرائیں کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹھٹھہ عذره مہیسر، ممبران ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی، محکمہ روینیو، صحت، تعلیم و دیگر مختلف محکموں کے افسران، این جی اوز اور سول سوسائٹی کے نمائندے، صحافی اور وکلاء برادری سمیت مختلف اسکولز کے اساتذہ، طلبہ و طالبات، سول سوسائٹی اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل الیکشن کمشنر عبدالرحمان آرائیں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نہ صرف ملک میں الیکشن کے نظام کو ہی مکمل کرواتا ہے بلکہ سماجی تنظیموں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے فورمز کے ذریعے شہریوں کو ووٹ کے حق، اہمیت اور اندراج کے متعلق آگاہی بھی فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے اپنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام بہن، بھائیوں بالخصوص نوجوانوں کو اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے قیمتی ووٹ کا بھرپور استعمال کرکے ایسے مخلص اور با کردار لوگ منتخب کریں جوکہ عوام کے مسائل اور تکالیف کو ایوانوں تک پہچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک قومی فریضہ ہے اور انتخابی عمل میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے، ووٹ کے استعمال سے عوامی نمائندے منتخب ہوتے ہیں جس کے ذریعے حکومتیں بنتی ہیں، انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک ایسی طاقت ہے جس کی وجہ سے جمہوریت کو استحکام ملتا ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹھٹہ عذرا مہیسر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو انتخابات کے عمل کا حصہ بنانے کے لئے آگاہی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرتی ہیں۔ انہوں نے ووٹ کے اندراج اور استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ووٹرز قانون کے مطابق شناختی کارڈ کے مستقل یا عارضی پتہ پر اپنے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں۔ تقریب سے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی، لیکچرار سندھ یونیورسٹی کیمپس ٹھٹہ سیدہ فضاء شاہ و دیگر نے بھی قومی ووٹرز دن کی مناسبت سے روشنی ڈالی، انہوں نے خواتین کے ووٹ کے استعمال اور اندراج پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی سیاسی سرگرمیوں اور انتخابی عمل میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی اشد ضرورت ہے۔ بعد ازیں جیمخانہ کلب مکلی سے ڈپٹی کمشنر چوک تک واک کیا گیا تاکہ عوام میں ووٹ کے حق، اہمیت اور داخلا سے متعلق آگاہی اور شعور کو اجاگر کیا جاسکے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress主题