خادم خوشحال کی18سالہ کوششیں رنگ لے آئیں، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی منظوری

Published on April 5, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 148)      No Comments

بالاکوٹ( یواین پی)کانشیاں بالگراں کی سماجی اور ہر دلعزیز شخصیت خادم خوشحال کی18سالہ کوششوں کے بعد بالآخر سیکرٹری ایجوکیشن خیبر پختونخواہ نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی منظوری دیدی،جبکہ مقامی شخصیات کی جانب سے عطیہ کی جانے والی اراضی پر سکول کی تعمیر کا کام بھی شروع ہو گیا،اس ضمن میں محکمہ تعلیم کےایس ڈی ای اوسجاد خان نے خادم محمد خوشحال کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ ان کی کوششوں سے محکمہ تعلیم نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول بالگراں کی منظوری دی ہے،بالاکوٹ کے نواحی قصبہ کانشیاں بالگراں کی سماجی شخصیت خادم محمد خوشحال اپنے گاﺅں میں بچوں اور بچیوں کے مخدوش مستقبل کی بدولت کافی پریشان رہے ہیں اور انہوں نے 8اکتوبر2005کے زلزلہ کے بعد سے ہر ایوان،ہر محکمہ اور ہر ادارہ تک رسائی کی کوشش کی مگر ان کے گاﺅں میں سکول کا قیام ممکن نہ ہوسکا تھا،اس سے قبل خادم محمد خوشحال معصوم بچوں کو لیکر مانسہرہ محکمہ تعلیم اور ڈپٹی کمشنر آفس مانسہرہ بھی لیکر گئے اور ان کی حالت زار بتلائی مگر اس کے باوجود کوئی شنوائی نہ ہو سکی،چند سال قبل بکریال سٹی کے قیام کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں سوموٹو ایکشن پر چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کے دورہ بالاکوٹ کے موقع پر انہیں بھی بالگراں میں سکول کی عدم تعمیر اور عدم قیام کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے انہیں تحریری یاداشت پیش کی تھی مگر18سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود نقار خانے میں طوطی کی آواز پر کوئی توجہ نہ دی جا سکی،چند ماہ قبل خادم محمد خوشحال اپنے گاﺅں کانشیاں بالگراں میں سکول کی عدم تعمیر کا درد لیکر کراچی روانہ ہوئے اور وہاں اپنے ایک خیر خواہ چیف سکاﺅٹ آفیسر صوبہ سندھ سید امیر اخترسے ملاقات کی اور انہیں اپنی18سالہ جدوجہد،میڈیا ریکارڈ اور چیف جسٹس سمیت متعدد کھلی کچہریوں اور نمائندوں اور اداروں کے سربراہان کو لکھے جانے والے خطوط پیش کیے،چیف سکاﺅٹ آفیسر صوبہ سندھ سید امیر اختر ،خادم محمد خوشحال کے مطالبہ اور ان کی کوششوں کو جائز قرار دیکر ان کے ہمراہ کراچی سے پشاور روانہ ہوئے اور سیکرٹری محکمہ تعلیم محمد ابراہیم نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے کانشیاں بالگراں میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کے قیام اور تعمیر کی منظوری دیدی جبکہ مقامی شخصیات محمد یعقوب،حاجی نعمت اللہ،محمد سلیم نے باہمی اتفاق سے دو کنال اراضی محکمہ تعلیم کو وقف کر دی جہاں سکول کا تعمیراتی کام جاری ہے،خادم محمد خوشحال نے18سال بعد ان کے مطالبہ کو پورا کیے جانے پر انہوں نے تمام احباب،چیف سکاﺅٹ آفیسر سندھ سید امیر اختر،سیکرٹری ایجوکیشن خیبر پختونخواہ محمد ابراہیم،میڈیا نمائندگان،ایس ڈی ای اوسجاد خان ،ایس ڈی ای اوشمس خان،صحافی راشد علی راشد اعوان سمیت ان سب سے تشکر کا اظہار کیا جو کہ اس کارخیر میں ان کے شانہ بشانہ اس جدوجہد میں شامل حال رہے،انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ انشاءاللہ اب ان کے گاﺅں کے بچوں اور بچیوں کا مستقبل روشن ہے اور وہ اپنی جدوجہد کو رب کی رضا قرار دے رہے ہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Premium WordPress Themes