ملک بھر میں پاسپورٹ کی فراہمی تاخیر کا شکار ہو گئی

Published on August 15, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 102)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی/ایم ایس مہر)ملک بھر میں پاسپورٹ کی فراہمی تاخیر کا شکار ہو گئی، بیرون ممالک جانے کی کوشش کرنے والوں کا غیر معمولی رش ہونے کی وجہ سے شہری پاسپورٹ کے حصول کیلئے طویل انتظار کرنے پر مجبور ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ بنوانے والوں کے غیر معمولی رش کے باعث ملک بھر میں پاسپورٹ کی فراہمی ایک ماہ سے زائد کی تاخیر کا شکار ہے۔ملک کے دیگر شہروں میں شہریوں کو ایک مرتبہ پھر پاسپورٹ کے حصول کے لیے طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ نارمل پاسپورٹ ڈیلیوری 10 دن کے بجائے ایک ماہ سے زائد، ارجنٹ پاسپورٹ 5 کے بجائے 15 روز اور فاسٹ ٹریک کے ذریعے پاسپورٹ ڈیلیوری بھی 2 کے بجائے 5 دن میں کی جا رہی ہے۔ غیر معمولی تاخیر کے باعث عمرہ زائرین، ملازمت اور بیرون ملک تعلیم کے لئے جانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔پاسپورٹ ڈیلیوری میں تاخیر کی وجہ پاسپورٹ بنوانے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ بتایا جارہا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر درخواستوں کی تعداد 24 سے 26 ہزارکے بجائے 40 ہزار ہو گئی ہے۔ پاسپورٹ فراہمی میں تاخیر دور کرنے کے لئے پرنٹنگ کا دورانیہ بغیر تعطیل کے 24 گھنٹے کر دیا گیا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بیرون ممالک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں بھی تشویش ناک انکشافات ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ چند ماہ کے دوران پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا۔ ملک سے باہر جانے کے لیے پاسپورٹ کے حصول کے لیے روزانہ 40 ہزار افراد پاسپورٹ دفاتر آ رہے ہیں۔حکام نے مزید کہا بڑی تعداد میں ڈیٹا آنے کی وجہ سے پاسپورٹ بنانے والا عملہ بھی مشکلات کا شکار ہے۔شہریوں کو پاسپورٹ کی بروقت ڈیلیوری کے لیے ہفتہ اور اتوار کو بھی پاسپورٹس کی چھپائی کا کام کیا جانے لگا ہے۔۔ اپریل 2023ء کو جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ غیر یقینی معاشی و سیاسی صورتحال، مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان لاکھوں نوجوان رزق کی تلاش میں سمندر پار چلے گئے۔ روزگار کے حصول کیلیے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ ہوگیا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog