پاکستان کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، مسلح افواج کا یوم دفاع پر عزم

Published on September 6, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 49)      No Comments

راولپنڈی: (یو این پی)صدر مملکت، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان کی جانب سے 58ویں یوم دفاع و شہداء کے موقع پر شہداء اور ان کے لواحقین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا یے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سروسز چیفس کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر 1965ء کو حق و باطل کے معرکے نے یہ ثابت کیا کہ غیور قوم اپنی سرحدوں کی حفاظت کر نے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ اس روز مادرِ وطن کے ہزاروں بیٹوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے پاک سرزمین کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔سروسز چیفس نے کہا کہ آج پوری قوم اُن کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ہم بطور قوم اُن تمام شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں جنہوں نے پاکستان کے پرچم کی سربلندی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح کے اندرونی و بیرونی خطرات کیخلاف دفاع وطن کیلئے پرعزم ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انشاء اللہ، پاکستان کونقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
یوم دفاع پاکستان کی تاریخ
یاد رہے کہ چھ ستمبر 1965 کو بھارت نے پاکستان کے خلاف مہم جوئی کی کوشش کی تھی جس پر مسلح افواج نے دشمن کے دانت کھٹے کرتے ہوئے اُسے شکست فاش دی تھی۔پاکستان سے کئی گنا بڑے ملک نے افرادی تعداد میں کئی گنا زیادہ لشکر اور دفاعی وسائل کے ساتھ بغیر کسی اعلان کے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر حملہ کیا۔ جس پر بہادر فوجی جوانوں نے جواں مردی اور ہمت کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے بھارت کے عزائم کو ایسا خاک میں ملایا کہ اُسے عالمی سطح پر بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔اس معرکے میں فوج کے ساتھ عوام بھی بھارت کے خلاف میدان میں آگئے تھے اور اپنے وطن کی حفاظت کیلیے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے تھے۔ پاکستان میں ہر سال 6 ستمبر کے دن کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہوئے وطن پر مر مٹنے کے عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے، اس حوالے سے سرکاری و نجی سطح پر تقاریب کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme