ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کی جانب سے ملیریا اور ڈینگی سے بچاؤ کے متعلق ہنگامی اجلاس

Published on September 24, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 29)      No Comments

ٹھٹھہ (یواین پی/ حمید چنڈ)ڈپٹی کمشنر اسد علی خان نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع بھر کے تمام ٹاؤنز اور یونین کونسلز کے مختلف علاقوں میں مچھروں کی افزائش کو روکنے اور ملیریا و ڈینگی سے بچاء کیلئے اسپرے مہم سمیت اینٹومالاجسٹ کی مدد سے پانی کے تالابوں میں لاروا سائٹنگ سرگرمیوں کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی سمیت کوڑا کرکٹ کو شہری علاقوں اور آبادیوں سے دور ٹھکانے لگانے سمیت مستحق لوگوں میں مچھر دانیاں تقسیم کرنے کو بھی یقینی بنایا جائے اور اس مہم ایک ماہ تک جاری رکھا جائے تاکہ لوگوں کو ملیریا اور ڈینگی مرض سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ مہم کے متعلق روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ بشمول تصاویر پیش کی جائے، اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ ہدایات انہوں نے ملیریا اور ڈینگی کے مسائل کے متعلق دربار ہال مکلی میں ضلعی افسران کے طلب کئے گئے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سید صفدر علی شاہ، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن ملیریا ڈاکٹر ممتاز چوہان سمیت ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، چیف آفیسر ضلع کونسل، چیف میونسپل آفیسر، ٹاؤن افسران، محکمہ زراعت اور پبلک ہیلتھ کے افسران کے علاوہ مرف، پی پی ایچ آئی، این آر ایس پی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ملیریا اور ڈینگی سے بچاء کیلئے لوگوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے متعلق آگاہی مہم بھی شروع کی جائے۔ انہوں نے محکمہ لوکل گورنمنٹ اور پبلک ہیلتھ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس مہم میں ہنگامی بنیادوں پر محکمہ صحت اور روینیو افسران سے مربوط رابطے میں رہتے ہوئے مدد اور تعاون کو یقینی بنائیں اور مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ مچھروں کی افزائش کا خاتمہ کرکے ملیریا اور ڈینگی کے مرض سے نجات حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو ہدایت کی کہ ضلع کے تمام صحت مراکز میں ملیریا اورڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے قائم وارڈز کو فعال رکھنے سمیت ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و عملے کو بھی الرٹ رکھا جائے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے ملیریا اور ڈینگی کے خاتمہ کیلئے جاری مہم کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں سرکاری و نجی اسپتالوں میں 65 ملیریا ٹیسٹ مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں لوگوں کو ملیریا کی تشخیص اور ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں، اس کے علاوہ ضلع بھر کی مختلف یو سیز میں 19 ہزار مچھر دانیاں کمیونٹیز میں تقسیم کی گئی ہیں جبکہ 20 ہزار مزید مچھر دانیاں جلد تقسیم کی جائيں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے 10 ہارڈ ٹارگیٹ ٹاؤنز و یونین کونسلز جن میں گھارو، گاڑھو، گھوڑاباری، غلام اللہ، سونڈا، جھرک، جھمپیر، چھتو چنڈ، ٹنڈو حافظ شاہ اور یو سی کھان شامل ہیں وہاں پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز ہے اور ان علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر مہم جاری ہے۔ انہوں نے اجلاس کو مہم کے دوران درپیش مسائل کے متعلق بھی تفصیلی آگاہی دی، جس پر ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور مدد کی یقینی دہانی کرائی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes