چینی اور پاکستانی ماہرین کا دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی مضبوطی کے لیے ثقافتی روابط کو فروغ دینے پر زور

Published on November 10, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 98)      No Comments

بیجنگ (یو این پی) کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا کے زیراہتمام چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس کے اشتراک سے “فلم اور ٹی وی سے چین کو سمجھیں” کے عنوان سے نو تاریخ کو ایک ورچوئل فورم کا انعقاد کیا گیا۔فورم میں چین اور پاکستان سے ماہرین تعلیم ، میڈیا ارکان ، نوجوان طلباء و طالبات نے شرکت کی اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کے فروغ اور اہمیت سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ورچوئل فورم کے دوران شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان ایک بہت ہی خاص تعلقات اور منفرد اور آزمودہ دوستی ہے ۔اس دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ثقافتی تعاون اور عوامی سطح پر تبادلے بہت اہم ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان ٹیلی ویژن اور فلم کے شعبے میں مشترکہ پروڈکشن کو مزید فروغ دیا جائے ۔شرکاء نے کہا کہ چین فلم و ٹی وی ٹیکنالوجی کے اعتبار سے دنیا میں نمایاں ہے اور پاکستان میں اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔شرکاء نے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے ثقافتی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید بڑھایا جائے ،دونوں ممالک میں فائن آرٹس کی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء بالخصوص فلم اور ٹی وی پروڈکشن سے وابستہ نوجوانوں کا تبادلہ پروگرام شروع کیا جائے اور جامعات کے درمیان روابط کو بڑھایا جائے تاکہ چین پاکستان آہنی دوستی کو عوامی شمولیت سے مزید مضبوط کیا جا سکے۔اس موقع پر چین پاک دوستی کو اجاگر کرتی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی.شرکاء نے دستاویزی فلم کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک میں عوام سے عوام کے درمیان بہترین ہم آہنگی کا عمدہ اظہار ہے۔دستاویزی فلم میں دونوں ممالک کے دلکش ثقافتی رنگوں کو اجاگر کیا گیا ہے، نوجوانوں کے درمیان روابط کی اہمیت بتائی گئی ہے اور چین میں پاکستانی نوجوانوں کے لیے روشن امکانات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ساتھ ساتھ مختلف تعمیراتی منصوبوں کی روشنی میں یہ بتایا گیا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان کی معاشی ترقی میں ایک ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Themes