پہلا ٹی ٹونٹی: پاکستانی کھلاڑیوں کا شاندار کھیل، 9 وکٹوں سے فاتح

Published on September 24, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 448)      No Comments

77
دبئی(یوا ین پی) دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایون لوئس اور جانسن چارلس نے اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم ابتداء میں ہی لوئس اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں صرف ایک رن بنا کر عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ باؤنڈری کے قریب محمد نواز نے ان کا کیچ لیا۔ ویسٹ انڈیز کا سکور ابھی 11 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ اس کی دوسری وکٹ بھی گر گئی۔ یہ وکٹ بھی عماد وسیم کے حصے میں آئی جنہوں نے آندرے فلچر کو بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ فلچر صرف 2 رنز ہی بنا سکے۔ اس کے فوری بعد مارلن سیموئل بھی عماد وسیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے صرف 4 رنز بنائے۔ اس کے بعد محمد نواز نے بھی اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کرکے شائقین کرکٹ کو بہت محظوظ کیا۔ انہوں نے جانسن چارلس کو بولڈ کیا، جو صرف 7 رنز ہی بنا سکے۔کپتان سرفراز احمد نے اس کے بعد نوجوان حسن علی کو گیند تھمائی جنہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں نکولس پوران کو آؤٹ کر دیا۔ وکٹوں کے پیچھے وکٹ کیپر سرفراز احمد نے ان کا آسان کیچ لیا۔ گیارہویں اوور میں ویسٹ انڈیز کا سکور ابھی 47 تک پہنچا تھا کہ اس کی چھٹا کھلاڑی بھی آؤٹ ہو گیا۔ یہ وکٹ بھی عماد وسیم کے حصے میں آئی جنہوں نے پولارڈ کو خوبصورت گیند پر بولڈ کرکے پویلین روانہ کر دیا۔ پولارڈ نے 9 رنز بنائے۔ اس کے بعد ساتویں کھلاڑی بھی عماد وسیم کا ہی شکار بنے۔ عماد وسیم کی گھومتی گیند پر سوئپ شارٹ کھیلنے کی کوشش میں براتھ ویٹ بغیر کوئی سکور بنائے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ خالد لطیف نے ان کا آسان کیچ لیا۔ خیال رہے کہ عماد وسیم پاکستان کی جانب سے پہلے سپنر ہیں جنہوں نے ٹی ٹونٹی میچوں میں 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ عماد وسیم نے اپنے 4 اوورز میں صرف 14 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے نرائن تھے جو غیر ضروری سکور لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے۔ نرائن صرف ایک رن ہی بنا سکے۔ خالد لطیف نے انھیں رن آؤٹ کیا۔ویسٹ انڈیز نے جب تمام امیدیں توڑ دی تھیں، اس وقت ڈیوائن براوؤ اور جیروم ٹیلر نے گرتی ٹیم کو سہارا دیا اور سکور کو 100 تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے۔ تاہم 114 کے سکور پر ٹیلر بھی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ ٹیلر نے 21 رنز بنائے جبکہ سہیل تنویر نے انھیں بولڈ کیا۔ ویسٹ انڈیز کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی براوؤ تھے جنہوں نے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ان کی وکٹ بھی سہیل تنویر نے لی۔ یوں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم انیس اعشاریہ پانچ اوورز میں 115 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے عماد وسیم 5 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ سہیل تنویر نے 2 جبکہ محمد نواز اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستانی ٹیم نے 116 کا مطلوبہ ہدف چودہ اعشاریہ دو اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔ پاکستان کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شرجیل خان تھے جنہوں نے 22 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 جبکہ خالد لطیف نے 34 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog