لاہور (یو این پی)سوتی ملبوسات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 13 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے دسمبر تک کی مدت میں سوتی ملبوسات کی برآمدات سے ملک کو 927 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 13 فیصد کم ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سوتی ملبوسات کی برآمدات سے ملک کو 1.066 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ دسمبر میں سوتی ملبوسات کی برآمدات کا حجم 144 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو دسمبر 2022 کے مقابلے میں 12 فیصد کم ہے۔ دسمبر 2022 میں سوتی ملبوسات کی برآمدات سے ملک کو 163 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں سوتی ملبوسات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 4 فیصد کا اضافہ ہوا۔نومبر میں سوتی ملبوسات کی برآمدات کا حجم 138 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو دسمبر میں بڑھ کر 144 ملین ڈالر ہو گیا۔ واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ٹیکسٹائل گروپ کی مجموعی برآمدات کا حجم 8.28 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل کی برآمدات کا مجموعی حجم 8.71 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔