میر علی اور نواحی علاقوں میں جیٹ طیاروں کی کارروائی میں 27 دہشت گرد مارے گئے

Published on June 25, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 400)      No Comments

02
دہشت گردوں کے 11 ٹھکانوں اور بڑی مقدار میں اسلحہ و بارود کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر
راولپنڈی ۔۔۔ پاک فوج کے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کے دوران میر علی اور اس کے نواحی علاقوں میں منگل کی سہ پہر جیٹ طیاروں کی کارروائی میں 27 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دہشت گردوں کے 11 ٹھکانوں اور بڑی مقدار میں اسلحہ و بارود کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 20 دہشت گرد علیٰ الصبح خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی میں مارے گئے جبکہ دہشت گردوں کے 11 ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا۔ سہ پہر کو شمالی وزیرستان علاقہ سپن وام میں گاڑی کے ذریعے خود کش حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے لدی ہوئی ایک سنگل کیبن گاڑی نے ایک سول ہسپتال کے باہر چیک پوسٹ تک پہنچنے کی کوشش کی تو ڈیوٹی پر موجود سپاہیوں نے گاڑی پر فائرنگ کی، گاڑی چیک پوسٹ سے 100 میٹر سے پہلے پھٹ گئی۔ دھماکہ کی بناء پر ایک قریبی عمارت کی چھت گرنے سے دو فوجی اور ایک سویلین شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سید گئی رجسٹریشن پوائنٹ پر اب تک شمالی وزیرستان ایجنسی سے نقل مکانی کرنے والے چار لاکھ 54 ہزار 200 افراد (36514 خاندانوں) کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔ شمالی وزیرستان ایجنسی کے آئی ڈی پیز کے لئے راشن کی تقسیم کے چھ مقامات (تین بنوں، دو ڈی آئی خان اور ایک ٹانک) قائم کئے گئے ہیں۔ چالیس ہزار خاندانوں کے لئے چار ہزار 443 ٹن راشن کی تفصیلی تقسیم 25 جون سے شروع ہو گی۔ ہر راشن بیگ خاندان کے حجم کے مطابق 20/80 کلو گرام آٹا، پانچ لیٹر خوردنی تیل، 9 کلو دال، ایک کلو کھجور اور ایک کلو چائے پر مشتمل ہے۔ فوج نے امدادی اشیاء جمع اور عطیات کی وصولی کے لئے ملک کے تمام بڑے شہروں میں 32 مقامات قائم کئے ہیں۔ تفصیلات www.ispr.gov.pk سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy