ملک میں امن قائم کرنا ہمارا مشن ہے ،وزیراعظم محمد نواز شریف

Published on June 27, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 326)      No Comments

nawaz
حکومت اور فوج مل کر بے گھر افراد کی مشکلات حل کریں گے، نقل مکانی کرنے والے ہرخاندان کورمضان المبارک میں 40 ہزار روپے دیئے جائیں گے، نقل مکانی کرنے والے جلد اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں گے، آپریشن سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے
وزیراعظم محمد نواز شریف کا بنوں میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرکے آنے والوں سے خطاب
بنوں (یو این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج مل کر بے گھر افراد کی مشکلات حل کریں گے، نقل مکانی کرنے والے ہرخاندان کورمضان المبارک میں 40 ہزار روپے دیئے جائیں گے، ملک میں امن قائم کرنا ہمارا مشن ہے ، نقل مکانی کرنے والے جلد اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں گے، آپریشن سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ جمعہ کو شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرکے بنوں آنے والے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کو مشکل صورتحال کا سامنا ہے، اپنا گھر چھوڑنا کسی کیلئے آسان نہیں ہوتا۔ آپ کے جذبات سے آگاہ ہوں، یہ مشکل وقت ہے، نقل مکانی کرنے والوں کی مشکلات کا احساس ہے، نقل مکانی کرنے والوں کی مشکلات حل کرنے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں، حکومت اور فوج مل کر بے گھر افراد کی مشکلات حل کریں گے، آپ بہت جلد اپنے گھروں کو واپس جائیں گے، آئی ڈی پیز کو تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، بے گھر افراد کی بحالی اور گھروں کی تعمیرنو کیلئے منصوبہ بندی کررہے ہیں، آپریشن سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے، قبائلی علاقوں میں بنیادی ڈھانچہ بہتر بنائیں گے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والوں کو12 ہزار کے علاوہ 3 ہزار ہاؤس رینٹ اور5 ہزار نان فوڈ آئٹم کیلئے دیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ رمضان پیکج کے تحت مزید 20 ہزار روپے ہر خاندان کو دیں گے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں امن قائم کرنا ہے، حکومت قبائلی علاقوں کی ترقی پر کھربوں روپے خرچ کرنے کیلئے تیار ہے، نقل مکانی کرنے والوں کی مدد کرنا احسان نہیں حکومت کی ذمہ داری ہے، نقل مکانی کرنے والوں کی دعاؤں سے ملک میں امن قائم ہوگا، نقل مکانی کرنے والوں کے جان ومال کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہو ں نے کہا کہ بے گھر افراد کی دیکھ بھال کرنا ہماری ذمہ اداری ہے، فوج سے مل کر آپ کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، نقل مکانی کرنے والے بچوں کو بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جارہے ہیں، فوج نے بھی بے گھر افراد کیلئے راشن فراہم کیا ہے، نقل مکانی کرنے والوں کی امداد کیلئے وسائل میں کوئی کمی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کیلئے قیام امن کے بعد صحت، روزگار، تعلیم اور ترقی کے مواقع پیدا کرنے کیلئے شمالی وزیرستان میں ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ قوم پر رحم فرمائے اور قوم کو دہشتگردی سے نجات دلائے۔ اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف ، گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ، وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید ، وزیر سیفران جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ وزیراعظم تقریب کے اختتام پر بے گھر افراد سے گھل مل گئے اور ان سے فرداً فرداً ہاتھ ملایا ۔ بعد ازاں وزیراعظم محمد نواز شریف نے بے گھر افراد میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Theme