کولمبو (یو این پی) جنوبی افریقہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ٹف ہوگی، فتح حاصل کرنے کی سرتوڑ کوشش کریں گے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم سری لنکا کے خلاف تین ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز 6 جولائی کو پہلے ایک روزہ میچ سے ہو گا۔یواین پی سے بات چیت کرتے ہوئے جنوبی افریقہ قائد نے کہا کہ سری لنکن خطرناک ٹیم ہے اور اسے ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کے سامنے ہرانا ہمارے لئے چیلنجنگ ہو گا، ماضی میں بھی سری لنکن ٹیم ہمیشہ مشکل حریف ثابت ہوئی ہے اسلئے ہمیں اس کے خلاف سیریز میں فتوحات کیلئے وننگ فارمولا تلاش کرنا ہو گا، ہمارے لئے سیریز جیتنا رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے سے زیادہ اہم ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جلد از جلد ٹیسٹ رینکنگ میں اپنی کھوئی ہوئی پوزیشن دوبارہ حاصل کرنے کے خواہاں ہیں تاہم اس وقت سری لنکا کے خلاف سیریز اولین ترجیح ہے اور اس کے خلاف فتح کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں گے۔