افغانستان کرکٹ بورڈ کے انکار کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز میں نئی ٹیم کو شامل کر لیا
لاہور(یواین پی) پاکستان میں شیڈول 3 ملکی سیریز میں متبادل ٹیم کے نام کا اعلان، افغانستان کرکٹ بورڈ کے انکار کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز میں نئی ٹیم کو شامل کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق زمبابوے نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت قبول کرتے ہوئے تین ملکی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کی تصدیق کر دی۔ پی سی بی کے مطابق افغانستان کی جگہ زمبابوے اب اس سیریز میں حصہ لے گا۔تین ملکی سیریز میں پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔یہ سیریز 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔افتتاحی میچ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 17 نومبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ سری لنکا اور زمبابوے کا مقابلہ 19 نومبر کو راولپنڈی میں ہوگا۔22نومبر کو پاکستان اورسری لنکا لاہور میں آمنے سامنے ہوں گے، 23 نومبر کو پاکستان اور زمبابوے لاہورمیں مدمقابل ہوں گے، 25 نومبر کو زمبابوے اور سری لنکا کا میچ لاہور میں ہو گا، 27 نومبر کو پاکستان اور سری لنکا کا میچ لاہورمیں کھیلا جائے گا، تین ملکی ٹورنامنٹ کا فائنل 29 نومبر کو لاہورمیں ہوگا۔یاد رہے کہ افغانستان کی جانب سے سہ ملکی سیریز میں شرکت سے انکار کے بعد پی سی بی نے واضح اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیریز اپنے شیڈول کے مطابق ہی ہو گی ، تیسری ٹیم کا آپشن دیکھا جارہاہے ۔