نوازشریف پہلے مسلم رہنما ہیں جنہوں نے اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت کی، سفیر ولید ابو علی

Published on July 13, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 300)      No Comments

011نوازشریف پہلے مسلم رہنما ہیں جنہوں نے اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت کی، سفیر ولید ابو علی
ہم ان کے اس اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں
فلسطینی سفیر ولید ابو علی کا کل جماعتی کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد۔۔۔ پاکستان میں فلسطین کے سفیر ولید ابو علی نے وزیر اعظم محمدنوازشریف کی طرف سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی واشگاف الفاظ میں مذمت کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم پہلے مسلم رہنما ہیں جنہوں نے اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام ہفتے کو یہاں مقامی ہوٹل میں آل پارٹیز کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ فلسطینیوں کے خلاف کسی بھی قسم کی اسرائیلی جارحیت قابل قبول نہیں اور یہ سراسر انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان کے عوام غزہ کے عوام کے ساتھ ہیں اور ان کی تحریک آذادی کے حق کی حمایت کرتے ہیں۔ اس موقع پرفلسطینی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور فلسطینی عوام بھی اپنے پاکستانی بھائیوں کی حمایت پر ان کے شکرگزار ہیں۔ آل پارٹیز کانفرنس کی صدارت سینٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق کر رہے تھے۔ آل پارٹیز کانفرنس میں فلسطین کے سفیر کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کو فلسطین میں ظلم و ستم بند کرنا چاہئے،اور اقوام متحدہ کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کروانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی مہذب دنیا ایسے مظالم کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ کتنے دکھ کی بات ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں نہتے فلسطینیوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ اس مسلے میں اقوام عالم کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کئی روز سے جاری ہے جس میں سینکڑوں بچے، عورتیں، مرد اور بزرگ شہید ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ انہوں نے اس مرتبہ دوگنی طاقت سے کارروائی کا آغاز کیا جو مقاصد کے حصول تک جاری رہے گی۔ راجہ محمد ظفر الحق نے مزید کہا کہ اسلامی تنظیم او آئی سی نے اس ظلم و بربریت کا نوٹس لے لیا ہے اور اس سلسلے میں وزارتی کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے کہ اسرائیل کو اس ظلم و جبر سے روکا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک کو چاہتے اپنی مجبوریوں کو چھوڑ کر اسرائیل کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو ختم کریں اور سفیروں کو واپس بلالیں۔ اس کے علاوہ یورپ اور امریکہ میں انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی چاہئے کہ وہ اس بربریت کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ فلسطین کے مسئلے پر وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے آج مضبوط موقف اختیار کیا ہے۔ دوسرے سربراہان مملکت کو بھی چاہئے کہ ان کی تقلید کریں اور ایسا ہی مضبوط موقف اپنائیں۔ راجہ ظفر الحق نے مزید کہا کہ اسرائیل کو اقوام عالم کے اصولوں اور ضابطوں کا پاس رکھتے ہوئے اس شرمناک اقدام سے گریز کرنا چاہئے۔ نہتے شہریوں پر بے جا بمباری کا کوئی جواز نہیں بنتا اسے ہر صورت بند ہونا چاہئے۔ میڈیا کے ذریعے وہاں کی تصویر کشی دیکھ کر انتہائی دکھ کا احساس ہوتا ہے۔ یہ سب کارروائی بلاجواز اور ظالمانہ ہے اسے ہر صورت بند ہونا چاہئے۔ فلسطینی سفیر نے اس موقع پر شرکاء کو اسرائیلی جارحیت کے نتیجہ میں بے گناہ فلسطینی معصوم بچوں، خواتین، بوڑھوں کی شہادتوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور مسلم امہ کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Weboy