تین بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کا سیاسی ایشوز بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور

Published on August 8, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 252)      No Comments

66
اسلام آباد ۔۔۔ تین بڑی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں نے جمعرات کو موجودہ جمہوریت کو نقصان پہنچائے بغیر سیاسی ایشوز بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور نیشنل پارٹی (این پی) کے رہنماؤں نے ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ پی پی پی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ ملاقات کے دوران انہوں نے وزیراعظم کو موجودہ ملکی صورتحال میں اپنی جماعت کے موقف سے آگاہ کیا اور واضح کیا ہے کہ وہ موجودہ جمہوری نظام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ریلیاں اور مارچ ہر فرد کا جمہوری حق ہے لیکن یہ آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ہونے چاہیں، احتجاجی مظاہروں میں تشدد کا عنصر نہیں ہونا چاہیے۔ نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ہمیشہ سیاسی تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1973ء کے آئین پر عمل کرنا ہر فرد پر لازم ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر حاجی عدیل نے کہا کہ حکومت کو تمام فریقین کے ساتھ تنازعہ کے حل کیلئے سیاسی بات چیت کے عمل کا آغاز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کا ایجنڈا ان کی سمجھ سے بالاتر ہے۔ اے این پی کے رہنما حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ کوئی بھی غیر آئینی مطالبہ غداری کے مترادف ہے، ہم 1973ء کے آئین اور جمہوری نظام کے ساتھ ہیں اور جو بھی کوئی غیر آئینی اقدام کا مطالبہ کرے وہ غدار ہے۔ انکا خیال تھا کہ عمران خان کو اپنے مطالبات واپس لے کر سیاسی تنازعات کا سیاسی حل تلاش کرنا چاہیے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题