اسلام آباد (یو این پی) یومِ آزادی کی تقریب آج رات 10 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گی۔ وزیراعظم نواز شریف تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ مہمانوں کو دعوت نامے بھجوا دیے گئے۔ آرمی چیف سمیت مسلح افواج کے سربراہان بھی یوم آزادی کی تقریب میں شریک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پاکستان کا 68 واں یوم آزادی پرجوش طریقے سے منایا جائے گا جس کے لئے تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ گھروں، بازاروں، دفاتر میں قومی سبز ہلالی پرچم بہار دکھا رہے ہیں۔ عمارات پر چراغاں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کریں گے۔ مسلح افواج کے دستے مارچ پاسٹ اور فلائی مارچ میں حصہ لیں گے۔ پرچم کشائی کی تقریب کیلئے دو سو فٹ اونچا پرچم ہیوی مکینیکل کمپلیکس ٹیکسلا سے تیار کر کےمتعلقہ سائٹ پر پہنچا دیا گیا ہے۔ ملک بھر میں اہم مقامات پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں، اس سلسلے میں حفاظتی اقدامات کیلئے اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔ کراچی میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور شہری اپنے گھروں اور محلّوں کو سجانے کے علاوہ اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر پاکستانی پرچم لگا رہے ہیں۔ جشن آزادی کے حوالے سے تقریباً دو کروڑ سے زائد مختلف سائز کے پرچم تیار کئے گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسلح افواج کی پریڈ کیلئے پاک فضائیہ کے شاہینوں کی ریہرسل جاری ہے۔