وزیراعظم محمد نواز شریف کا یوم آزادی کی خصوصی تقریب سے خطاب

Published on August 14, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 323)      No Comments

10
قوم کو عہد کرنا چاہئے کہ آئین کی حکمرانی ، قانون کی پاسداری اور جمہوریت کے تسلسل پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، پاکستان ہماری رگوں میں لہو کی طرح دوڑتا ہے اور ہماری زندگی کے تسلسل کا مظہر ہے، اس کی حفاظت کیلئے ہم اپنے خون کا آخری قطرہ بھی نچھاور کر یں گے، پاکستان کی مسلح افواج تمام ترچیلنجز سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں، امن کی خاطر بے گھر ہونے والے وزیرستان کے لاکھوں افراد کی قربانی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، حکومت ان کی بحالی اور دوبارہ گھروں کو باسلامت واپسی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی
تینوں مسلح افواج کے دستے نے آزادی پریڈ کی، پاک فضائیہ اور آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں نے فلائی پاسٹ پیش کیا
اسلام آباد ۔۔۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے قوم پر زور دیا ہے کہ آزادی کی سالگرہ پر عہد کرے کہ وطن عزیز میں آئین کی حکمرانی ، قانون کی پاسداری اور جمہوریت کے تسلسل پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، پاکستان ہماری رگوں میں لہو کی طرح دوڑتا ہے اور ہماری زندگی کے تسلسل کا مظہر ہے، اس کی حفاظت کے لئے ہم اپنے خون کا آخری قطرہ بھی نچھاور کر یں گے، پاکستان کی مسلح افواج تمام ترچیلنجز سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں، امن کی خاطر بے گھر ہونے والے وزیرستان کے لاکھوں افراد کی قربانی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، حکومت ان کی بحالی اور دوبارہ گھروں کو باسلامت واپسی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے یہ بات بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 68ویں یوم آزادی کی تقریبات کی مناسبت سے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وفاقی وزراء، ارکان پارلیمان، مسلح افواج کے سربراہان، سفیران، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شب 12 بجے قومی ترانہ پیش کیا گیا اور تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی آزادی پریڈ نے تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم محمد نواز شریف کو سلامی پیش کی۔ پریڈ کی کمان کمانڈر کمال خان یوسفزئی نے کی۔ وزیراعظم نے پریڈ کا معائنہ کیا اور بعد ازاں مسلح افواج کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے ایف 16 اور میراج جنگی طیاروں اور پاک آرمی ایوی ایشن کے بیل 412 اور ایم آئی 17 ہیلی کاپٹروں نے دلکش فلائی پاسٹ کامظاہرہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا مسحور کن اور رنگا رنگ مظاہرہ بھی کیا گیا۔ تقریب میں آئی ایس پی آر کی جانب سے ملی نغموں اور دستاویزی فلم پر مشتمل خصوصی آزادی شو کا اہتمام کیا گیا جسے حاضری نے بے حد پسند کیا اور ملی نغموں پر دل کھول کر داد دی۔ تقریب میں آرمی سکول آف میوزک کے تربیت یافتہ 48 ملٹری ڈرمرز نے ڈرموں پر دلکش دھنیں پیش کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں، ہم نے آزادی حاصل کرنے کے لئے کتنی قربانیاں دی تھیں۔ انہوں نے اس موقع پر قوم کو یومِ آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس آزادی کے تحفظ اور دفاعِ پاکستان کے لئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہیدوں کی یاد بھی دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صبحِ آزادی کی روشنی انہی شہیدوں کے خون سے منور ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنی تقریر کے آغاز میں ہی آپریشن ضرب عضب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کی ایک نئی صبح کا استقبال کرتے ہوئے میں خاص طور پر شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کاذکر کرنا چاہتا ہوں۔ ہماری بہادر مسلح افواج نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اس فیصلہ کن آپریشن کا آغاز کیا جو کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس آپریشن میں جانیں قربان کرنے والے افسروں اور جوانوں کو سلام کرتی ہے۔ یہ شہدا ہمارے محسن ہیں جنہوں نے 18 کروڑ ہم وطنوں کی جان و مال اور پاکستان کے امن کیلئے اپنی زندگیاں نچھاور کر دیں۔ وہ غازی بھی خراجِ تحسین کے مستحق ہیں جو مشکل حالات میں قوم و وطن کی خاطر شجاعت کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ ان شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے حکومت نے اس سال کی تقریبات آزادی کو ’’ضرب عضب‘‘ سے منسوب کیا ہے۔ عام شہریوں اور افواج کے علاوہ ایف سی، رینجرز، پولیس، سکیورٹی ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکاروں کا لہو بھی اس جنگ کا حصہ ہے۔ آج کے دن قوم کے یہ فرزند بھی ہماری دعاؤں میں شامل ہیں۔ میں ان والدین کے حوصلے اورجرأت کی داد دیتا ہوں جو اپنے جوان شہیدوں کی میتیں ہمت اورجوانمردی سے وصول کرتے اوراسی سانس میں اپنے دوسرے جوان بچوں کو بھی ملک و قوم کی حفاظت کے لئے قربان کرنے کا عہد کرتے ہیں۔میں ان ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جن کے پاؤں اپنے جگر گوشوں کو اس ملک کے محفوظ مستقبل کے لئے قربان کرتے ہوئے ایک لمحہ کے لئے نہیں ڈگمگاتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں ان سہاگنوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جو اپنی زندگی کے محور اپنی آنکھوں سے اوجھل ہوتے ہوئے دیکھتی ہیں اور ایک بھی حرفِ شکایت زبان پر نہیں لاتیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آج اس موقع پر یہ بھی یقین دلانا چاہتا ہوں کہ پاکستانی قوم اپنے شہیدوں اور غازیوں کی قربانیوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور اپنی ذمہ داریوں کا احساس بھی رکھتی ہے۔ وزیراعظم پاکستان کی حیثیت سے میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ ہم زندگی کے کسی بھی مرحلے پر انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان کی لازوال قربانیوں کا اجر تو خدائے بزرگ و برتر کی ذات ہی دے سکتی ہے لیکن یہ قوم ہمیشہ اُن کے اِس لازوال احسان کو یاد رکھے گی

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Themes