دشمن قوتیں ایٹمی پاکستان کو کمزور کرنے کے درپے ہیں،اعجاز الحق

Published on August 19, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 431)      No Comments

66
اسلام آباد۔۔۔ مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ دشمن قوتیں ایٹمی پاکستان کو کمزور کرنے کے درپے ہیں، 38 افراد 342 ارکان کے نمائندہ ایوان پر شب خون نہیں مار سکتے، لشکر کشی کے ذریعے حکومتیں بنانے کی روش درست نہیں ہے۔ پیر کو موجودہ سیاسی صورتحال پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ آئین کی پاسداری اور جمہوریت کے راج پر ہمارا پورا اتفاق ہے۔ یہ کسی اپوزیشن یا حکومت کا نہیں ہے، غلطیاں کسی سے بھی ہو سکتی ہیں مگر اس بناء پر ملک میں انتشار کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ لیڈر کا کام قیادت کرنا ہوتا ہے۔ اس ایوان کی اکثریت نے انتخابی اصلاحات پر اتفاق کیا ہے سب سے پہلے پی ٹی آئی نے کمیٹی کیلئے اپنے نمائندوں کے نام دیئے۔ حکومت نے عدالتی کمیشن بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ کے پی کے میں بارشوں اور سیلاب سے اٹھارہ افراد کی ہلاکت پر دکھ ہوا جبکہ وزیراعلیٰ کے پی کے اسلام آباد میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ سے زائد آئی ڈی پیز کھلے آسمان تلے پڑے ہیں۔ انقلاب اور آزادی مارچ تو یہ ہونا چاہئے تھا کہ ہم سب مارچ کرتے ہوئے ان کی مدد کیلئے جاتے۔ انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ افراد لانے کی بات کرنے والے 38 لوگ 342 ارکان کے نمائندہ ایوان کو ختم کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ یمن، عراق، افغانستان، شام اور دیگر اسلامی ممالک کے حالات ہمارے سامنے ہیں۔ دشمن پاکستان جیسی ایٹمی قوت کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔ پاک فوج ہماری پرسکون نیند کیلئے قربانیاں دے رہی ہے۔ لشکر کشی کے ذریعہ حکومت بنانے کی ریت درست نہیں ہے۔ بات چیت کے دروازے کھلے رہنے چاہئیں۔ حکومت نے صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا اور غلطیوں کو نہیں دہرایا۔ اگر وہ ریڈ زون میں بھی آنا چاہئیں تو حکومت سے اجازت لیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Weboy