پاکستان پیپلز پارٹی کسی بھی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی، قمرزمان کائرہ

Published on August 26, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 232)      No Comments

5555
کراچی … پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسی بھی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی اور جمہوریت کی حفاظت کرے گی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے پیر کو پی پی پی میڈیا سیل کراچی میں پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج کے اجلاس میں موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے اور موجودہ صورتحال کے خاتمے کیلئے پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے چار رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے جو تینوں فریقین سے مسائل کا حل نکالنے کے لئے رابطہ کرے گی، سی ای سی نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی بھرپور حمایت کی اور پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور آئی ڈی پیز کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آئی ڈی پیز نے ہمارے کل کیلئے اپنا آج قربان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل نو ہونا چاہئے، انتخابی اصلاحات کے لئے عوام سے بھی تجاویز طلب کی جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایمپائر صرف عوام ہیں، جو فیصلہ عوام کریں گے وہ سب کیلئے قابل قبول ہو گا، تیسرے ایمپائر کا راستہ ہمیشہ کیلئے بند ہو چکا ہے۔ ایک اور سوال پر قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ ہم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے وژن کے مطابق جمہوریت کے ساتھ ہیں، بنیادی طور پر عوام کے ساتھ ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Premium WordPress Themes