سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں 77 رنز سے ہرا دیا

Published on August 27, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 640)      No Comments

55
تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر
میتھیوز، جے وردھنے اور پریرا کی شاندار نصف سنچریاں،حفیظ اور شہزاد کی نصف سنچریاں ناکافی ثابت
تھسرا پریرا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
ہمبنٹوٹا۔۔۔ سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 77 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن میچ 30 اگست کو دمبولا میں کھیلا جائے گا۔ اینجیلو میتھیوز، جے وردھنے اور تھسرا پریرا کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت آئی لینڈرز نے پاکستان کو فتح کیلئے 310 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 43.5 اوورز میں 233 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ محمد حفیظ اور احمد شہزاد کی نصف سنچریاں بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔ تھسرا پریرا نے 3 لاستھ مالنگا، رنگنا ہیراتھ اور سیکیوج پراسنا نے دو، دو تلکارتنے دلشان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ تھسرا پریرا کو عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ منگل کو ہمبنٹوٹا کے مقام پر کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں سری لنکن ٹیم کے قائد اینجیلو میتھیوز،نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنائے، اینجیلو میتھیوز،نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 93 رنز کی اننگز کھیلی، مہیلا جے وردھنے 67 اور تھسرا پریرا 65 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ دلشان 13، سنگاکارا 11، سیکیوج پراسنا 1، اسہان پری ینجن 3 اور لاستھ مالنگا صفر پر آؤٹ ہوئے۔ کولا سیکرا 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ وہاب ریاض نے 4، محمد حفیظ نے 3 اور جنید خان نے 1 وکٹ حاصل کی۔ 310 رنز کے ہدف کے تعاقب کیلئے پاکستانی ٹیم جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز مایوس کن رہا اور 18 کے مجموعی سکور پر اسے پہلا نقصان اٹھانا پڑا اور شرجیل خان 9 رنز بنا کر مالنگا کی گیند پر شکار ہو گئے، اس موقع پر حفیظ اور شہزاد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 96 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 114 تک پہنچا دیا، یہ پارٹنر شپ سری لنکا کیلئے خطرہ بنتی جا رہی تھی کہ یہاں پر سیکیوج پراسنا نے حفیظ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنر شپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، حفیظ 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عمر اکمل بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور صرف ایک رن بنا کر دلشان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ احمد شہزاد پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز تھے جو 56 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد سیکیوج پراسنا کی گیند کا نشانہ بنے، 192 کے مجموعی سکور پر کپتان مصباح الحق کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 36 رنز بنا کر غیر ذمہ دارانہ اسٹروکس کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے، صہیب مقصود بھی توقعات پر پورا نہ اتر سکے اور 9 رنز بنا کر رنگناہیراتھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، 223 کے مجموعی سکور پر پاکستانی ٹیم کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب شاہد آفریدی 17 رنز بنانے کے بعد تھسرا پریرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 43.5 اوورز میں 233 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ فواد عالم 30، وہاب ریاض 5 اور جنید خان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تھسرا پریرا نے 3 جبکہ لاستھ مالنگا، رنگناہیراتھ اور سیکیوج پراسنا نے دو، دو دلشان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog