عوامی نیشنل پارٹی کویت زیراہتمام جشن یوم پاکستان تقریب

Published on August 31, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 749)      No Comments

hhh
رپورٹ۔۔۔ عبدالشکورابی حسن
عوامی نیشنل پارٹی کویت کے زیراہتمام خیطان میں پاکستان کے 68 ویں یوم آزادی اور سفارتخانہ پاکستان کے چارج ڈی افیئرز حسن وزیر کے اعزاز میں ایک رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی۔ حسن وزیر کویت میں سفارتی ذمہ داریاں ادا کرنے کے بعد عنقریب یہاں سے جا رہے ہیں، ان کا تبادلہ سعودی عرب میں ہو چکا ہے۔ کمپیئرنگ کے فرائض ابتداء میں طارق اقبال اور بعدازاں عوامی نیشنل سنٹر کے سیکرٹری جنرل ہلال محمد خان نے انجام دیئے۔ کویت میں افغانستان کے سفیر اسد اﷲ خان مہمان خصوصی تھے، پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے جن میں تمام تنظیموں کے صدور شامل تھے، تقریب میں شرکت کی۔ کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت کمسن طالب علم فیصل شاہ محمد نے حاصل کی۔ حمد باری تعالیٰ قمر نظامی نے بڑی عقیدت و احترام سے پیش کی۔
تو رحیم بھی ہے تو کریم بھی ہے
میرے مولا سن لے میری صدا
پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا گیا جس کے احترام میں تمام شرکاء خاموشی اور ادب سے کھڑے ہو گئے۔ اس موقع پر کمپیئرنگ کی ذمہ داریاں ہلال محمد خان نے سنبھال لیں، انہوں نے کہا کہ وہ اے این پی کی طرف سے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہیں اور یوم آزادی کے حوالہ سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، انہوں نے چارج ڈی افیئرز حسن وزیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر میر افتخار حسین نے مختصر خطاب میں کہا کہ وہ اپنی اور اے این سی کی طرف سے تمام مہمانان کو خوش آمدید کہتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے لوگ یہاں جمع ہوئے ہیں تاکہ حسن وزیر کو شایانِ شان طریقہ سے رخصت کر سکیں۔ پشتو کے سینئر شاعر حاجی چمن جان کو مائیک پر آنے کی دعوت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ معزز مہمانوں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں اور وطن عزیز کی 68 ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں انہوں نے یوم آزادی کے حوالہ سے پشتو میں ایک طویل نظم بھی پیش کی۔ تقریب کے میزبان صدر عوامی نیشنل پارٹی جہانزیب خان کو دعوت خطاب دی گئی، انہوں نے کہا کہ وہ تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں جنہوں نے مختصر نوٹس پر تقریب میں شرکت کی، تقریباً تمام پاکستانی تنظیموں کے صدور اور افغانستان کے سفیر اسد اﷲ خان یہاں موجود ہیں اور چارج ڈی افیئرز حسن کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ ان کی کارکردگی پر فخر کیا جا سکتا ہے جنہوں نے سفیر پاکستان سید ابرار حسین شاہ کے جانے کے بعد ان کی کمی محسوس نہیں ہونے دی، دعا ہے کہ وہ جہاں بھی رہیں ایسے ہی ملک و قوم کے لئے خدمات انجام دیتے رہیں۔ اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (ا و پی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل ایڈمن نور زمان خان نے بھی جو نجی دورہ پر کویت میں تھے، تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے او پی ایف کی کارکردگی کے حوالہ سے تفصیلی خطاب کیا۔ جہانزیب خان نے مزید کہا کہ کمیونٹی کے لئے حسن وزیر اور نور الدین کی خدمات پر فخر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں سیاسی حالات عنقریب ٹھیک ہو جائیں گے۔ وہ جن دوستوں کو تقریب میں مدعو نہیں کر سکے، ان سے معذرت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کلچرل سوسائٹی کے صدر سائیں نواز کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے ان کے ساتھ شانہ بشانہ محنت کی اور وہ احسن طریقہ سے یہ تقریب منعقد کرنے کے قابل ہوئے۔ کویت میں افغانستان کے سفیر ڈاکٹر اسد اﷲ خان نے خطاب کرتے ہوئے جہانزیب خان کو شاندار تقریب منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ وہ یوم آزادی پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں انہوں نے حسن وزیر کو خراج تحسین پیش کیا جو اپنی سفارتی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے انجام دینے کے بعد سعودی عرب جا رہے ہیں۔
افغان کمیونٹی کے معروف سماجی وتجارتی شخصیت انجینئر شاہ محمد کو اسٹیج پر بلایا گیا، انہوں نے اردو میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الحمد ﷲ آج ہم خوشی کے موقع پر جمع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میںآزادی کا دن امت مسلمہ کی آزادی کا دن ہے۔ حقیقت میں ہم بھائی بھائی ہیں۔ فخر ہے کہ دونوں ممالک کے عوام اکٹھے ہو کر ایک دوسرے کی خوشی میں شریک ہیں۔ وہ پاکستانی فوج پر بھی فخر کرتے ہیں، یہ صرف پاکستان کی نہیں اسلامی امت کی فوج ہے، حسن وزیر ہمارے ساتھ تمام پروگراموں میں شریک رہے۔ چارج ڈی افیئرز سفارتخانہ پاکستان حسن وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جہانزیب خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے یوم آزادی کے حوالہ سے پروقار تقریب کا اہتمام کیا۔ وہ برادر ملک افغانستان کے سفیر اسداﷲ خان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں، وہ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تہہ دل سے مشکور ہیں کہ وہ ہر سال یوم آزادی کو بڑے جوش و خروش سے مناتے ہیں۔
پاکستان بزنس کونسل نے بھی یوم آزادی بڑے شایان شان طریقہ سے منایا، اسلامک ایجوکیشن کمیٹی نے بھی بڑی پروقار تقریب منعقد کی۔ آج عوامی نیشنل سنٹر نے یہ تقریب منعقد کی۔ خوشی ہے کہ وطن سے دور ہموطن مل بیٹھ کر یوم آزادی مناتے ہیں، یہ وطن سے پیار اور محبت کا اظہار ہے۔ وہ تمام شرکا کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور انہیں مبارکباد دیتے ہیں۔ اپنے دلوں میں پاکستان سے محبت برقرار رکھیں، ہماری فوج جس طرح سے دشمن کا مقابلہ کر رہی ہے، ہمیں ان پر فخر ہے۔ چمن جان نے اپنے اشعار میں وطن کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔ جب ہم میٹھی نیند سو رہے ہوتے ہیں وہ پہاڑوں کی چوٹیوں اور سمندروں میں ہماری حفاظت کر رہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے اپنا آرام ہمارے آرام پر قربان کیا ہے۔ وہ افغانستان کی ترقی اور بہبود کے لئے بھی دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصور پاکستان کے مزار پر جو قطبہ نصب ہے وہ شاعر افغانستان نے عطا کیا ہے، انہیں یہاں بڑے اچھے الفاظ سے یاد کیا گیا ہے، دعا ہے کہ وہ ان الفاظ کا حق ادا کر سکیں۔ عوامی نیشنل سنٹر کی طرف سے چارج ڈی افیئرز حسن وزیر کو شیلڈ پیش کی گئی۔ طارق اقبال اور شہزاد خان کو بھی شیلڈز پیش کی گئیں۔ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے مولانا محمد کمال نے ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔
اس موقع پر کمیونٹی کی طرف سے ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرارداد کے مطابق پاکستان کے حالات کو تشویش سے دیکھتے ہیں۔ دعا کرتے ہیں کہ صورت حال ’’جیت جیت‘‘ پر اختتام ہو، ہم چاہتے ہیں کہ بحران جلد از جلد ختم ہو جائے۔ یوم آزادی کے حوالہ سے خصوصی کیک کاٹا گیا۔ ایک ملی نغمہ اسٹیج پر پرفارمنس کے ساتھ پیش کیا گیا۔ جس کے بعد شرکاء کو پرتکلف عشائیہ کی دعوت دی گئی۔ کھانے کے بعد پشتو میوزیکل شو پیش کیا گیا جس سے شرکاء بہت محظوظ ہوئے۔ یہ تقریب رات گئے کئی خوشگوار یادیں لئے اختتام کو پہنچی۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes