وزیراعظم نوازشریف سے عالمی بینک کے صدر جم یونگ کم کی ملاقات

Published on September 26, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 359)      No Comments

1
نیویارک ۔۔۔وزیراعظم محمد نوازشریف سے عالمی بینک کے صدر جم یونگ کم نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی جس میں پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نواشریف نے اس موقع پر جم یونگ کم کو ملک میں اصلاحاتی ایجنڈا پر عملدرآمد، قومی معیشت کی تعمیر، سماجی اعشاریوں کی بہتری اور علاقائی رابطوں میں اضافہ کے حوالے سے حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا ۔ اوزیراعظم نے جم یونگ کم کی جانب سے پاکستان کی ترقی اور نمو کو بے مثال سطح تک پہنچانے میں عالمی بینک کی خدمات میں اضافہ کوبھی سراہا۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے داسو پاور پراجیکٹ کیلئے عالمی بینک کے تعاون کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے اس کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے دیامر بھاشا ڈیم پر ہونیوالی بزنس اپارچونٹیز کانفرنس میں عالمی بینک کی شرکت کا بھی خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ایک سال کے دوران عالمی بینک کی جانب سے 1.7 بلین ڈالر کی ریکارڈ قرضہ کی فراہمی اور چار برسوں کیلئے 11 ارب ڈالرکے فنڈز کے ساتھ پاکستان کی کنٹری پارٹنر شپ سٹرٹیجی کی منظوری پاکستان میں ترقی کے امکانات کی عکاسی کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے حالیہ سیلاب کے متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کے ہنگامی چیلنجز سے نمٹنے اور شمالی وزیرستان میں انسداد دہشت گردی آپریشنز کے باعث بے گھر ہونیوالے افراد کی بحالی پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے عالمی بینک کے صدر جم یونگ کم کو پا کستان سے پولیو کی لعنت کے خاتمہ کیلئے قومی کوششوں کی قیادت میں اپنے ذاتی عزم اور شمولیت سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر جم یونگ کم نے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت پاکستانی معیشت کو مستحکم اور اس میں اصلاحات کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور خطہ کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اہم منصوبوں میں عالمی بینک کی سرمایہ کاری کو بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستانی حکومت کی جانب سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں بہتری اور صحت کے شعبہ کی ترقی کیلئے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress主题