سیکرٹری آثار قدیمہ پنجاب/انچارج رمضان بازار انتظامات ضلع فیصل آباد ثاقب منان کا دورہ

Published on April 2, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 73)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)سیکرٹری آثار قدیمہ پنجاب/انچارج رمضان بازار انتظامات ضلع فیصل آباد ثاقب منان نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ضلع میں رمضان بازاروں کے انعقاد وجملہ انتظامات پر بریفنگ لی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضل ربی چیمہ,اسسٹنٹ کمشنرز صاحبزادہ محمد یوسف,غلام مصطفی جٹ،خاور بشیر،ڈی او انڈسٹریز شہباز خاں،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حیدرعلی خاں،ای اے ڈی اے محمد عثمان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری آثار قدیمہ پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع میں 19 رمضان بازار فنکشنل ہیں جہاں ایگری کلچر فیئر پرائس شاپس پر 13 بنیادی اشیائے ضروریہ عام مارکیٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہیں۔علاوہ ازیں چکن عام مارکیٹ سے 12 روپے،مٹن وبیف 10/10 روپے اور انڈے 5 روپے کم قیمت پر فروخت کئے جارہے ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ عام مارکیٹ میں 518 فیئر پرائس شاپس پر بھی اشیائے ضروریہ کنٹرول قیمتوں پر دستیاب ہیں۔اسی طرح مخیر حضرات کے تعاون سے مدنی دستر خواں بھی قائم کئے گئے ہیں۔قیمتوں پر عملدرآمد کی چیکنگ کے لئے قیمت ایپ بھی فنکشنل ہے۔ سیکرٹری آثار قدیمہ نے ضلع میں رمضان بازاروں کے تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔بعدازاں سیکرٹری آثار قدیمہ پنجاب نے رمضان بازاروں کا دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کو چیک کیا۔وہ ریاض شاہد چوک اسلام نگر،فیضان مدینہ چوک سوساں روڈ،سستا ماڈل بازار جھنگ روڈ ودیگر رمضان بازاروں میں گئے اورسٹالز پر اشیائے خورونوش کی دستیابی کو چیک کیا۔انہوں نے آٹا وچینی کے سٹالز پر فروخت کے عمل کا جائزہ لیا۔انہوں نے موقع پر موجود صارفین سے رمضان بازاروں کی اہمیت وافادیت دریافت کی اور کہا کہ ماہ صیام سے قبل رمضان بازاروں کو فنکشنل کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں حکومت پنجاب نے ضلع فیصل آباد میں رمضان بازاروں کے انتظامات کے لئے انچارج مقرر کیا گیا ہے اور وہ مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھیں گے۔انہوں نے انچارجز سے کہا کہ وہ رمضان بازاروں کے جملہ انتظامات کو ہر لحاظ سے مکمل رکھیں اور صارفین کو شام تک معیاری اشیاء ہی دستیاب رہنی چاہیں۔اے ڈی سی آر نے رمضان بازاروں کے مجموعی انتظامات بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ رمضان بازاروں میں ایگری کلچر فیئر پرائس شاپس پر آلو،پیاز،ٹماٹر،بھنڈی،کدو، کیلا، سیب کالا کلو،ایرانی کھجور،چنے کی دال،بیسن،دیسی لیموں،امرود اور ادرک رعایتی نرخوں پر فروخت ہورہے ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Theme