یونس اور اظہر علی کی ناقابل شکست سنچریاں،پہلی اننگز میں 2 وکٹوں پر 304 رنز بنا لئے

Published on October 31, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 511)      No Comments

66
ابوظہبی ۔۔۔یونس خان اور اظہر علی کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں پر 304 رنز بنا لئے تھے، یونس 111 اور اظہر 101 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ابو ظہبی ٹیسٹ کا پہلا روز پاکستانی بلے بازوں کے نام رہا جس میں انہوں نے کینگروز باؤلرز کی خوب دھنائی کی، شہزاد اور حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد یونس خان اور اظہر علی سیسہ پلائی دیوار کی طرح کینگروز باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے، سرتوڑ کوشش اور ہر حربہ استعمال کرنے کے باوجود کینگروز باؤلرز خان اور علی کی شراکت نہ توڑ سکے، دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ میں 208 رنز کی شراکت جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے سنچریاں سکور بنائیں، یونس خان نے سنچری داغ کر نئی تاریخ رقم دی، وہ کینگروز کے خلاف مسلسل تین سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے، اس کے علاوہ انہوں نے 90 برس بعد کینگروز کے خلاف یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے پہلے بلے باز ہونے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔ جمعرات کو آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کے قائد مصباح نے ٹاس جیت کر پہلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا جسے یونس اور اظہر علی نے عمدہ بیٹنگ کی بدولت درست ثابت کیا، اوپنر احمد شہزاد اور حفیظ نے ٹیم کو 57 رنز کا آغاز فراہم کیا، شہزاد 35 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند کا نشانہ بنے، 96 کے مجموعی سکور پر مچل جانسن نے حفیظ کو بھی آؤٹ کر کے پویلین کی راہ دکھائی، حفیظ 45 رنز بنا سکے، اس موقع پر یونس خان اور اظہر علی نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر نہ صرف اپنی ٹیم کو تباہی سے بچایا بلکہ تیسری وکٹ کی شراکت میں 208 قیمتی رنز جوڑ کر اس کی پوزیشن بھی مضبوط کر لی، یونس خان نے ایک مرتبہ پھر کینگروز باؤلرز کی خوب دھنائی کی اور سنچری سکور بنا کر پاکستان کی طرف سے نئی تاریخ رقم کی، وہ کینگروز کے خلاف مسلسل تین سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے، کیریئر کی 27 ویں سنچری بنا کر خان نے ایلن بارڈر، کلارک اور گریم سمتھ کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے والے مشترکہ طور پر 13 ویں بلے باز ہیں۔ اظہر علی نے بھرپور طریقے سے خان کا ساتھ دیا، علی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی چھٹی سنچری مکمل کی۔ پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں پر 304 رنز بنا لئے تھے۔ یونس خان 111اور اظہر علی 101 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔ مچل جانسن اور نیتھن لائن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy