موجودہ حکومت زرعی شعبہ پر کم توجہ دے رہی ہے، سید خورشید احمد شاہ

Published on November 29, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 322)      No Comments

01
اسلام آباد(یو این پی)قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ زرعی مسائل سے عام آدمی متاثر ہوتا ہے‘ موجودہ حکومت اس شعبہ پر کم توجہ دے رہی ہے‘ ملک میں کپاس کی فصل بحران کا شکار ہے‘ حکومت نے زراعت کے شعبے پر توجہ نہ دی تو اس کا بہت بڑا نقصان سامنے آئے گا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ملک میں کئی مسائل قابل بحث ہیں۔ پارلیمنٹ نے متعدد امور کو زیر بحث لاکر آئین کے دائرہ کار کے مطابق حل کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ‘ دہشتگردی اور مہنگائی سمیت کئی مسائل حکومت کے لئے چیلنج بنے ہوئے ہیں تاہم زراعت کے مسائل سے عام آدمی متاثر ہوتا ہے کیونکہ ملک کی 65 فیصد آبادی کا انحصار زراعت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ہمیشہ زراعت کے شعبہ نے ترقی کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت کی زراعت کے شعبہ پر توجہ کم ہے۔ انہوں نے وزیر خوراک و زراعت کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ وہ اپنے طور پر کوششیں کر رہے ہیں۔ ملک میں کپاس کی فصل بحران کا شکار ہے اس فصل کا تعلق برآمدات سے ہے۔ حکومت نے دس لاکھ گانٹھیں خریدنے کا عندیہ ظاہر کیا تھا جو تین لاکھ 90 ہزار پر روک دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور تیل کی قیمتوں کی وجہ سے کاشتکار پہلے ہی مسائل سے دوچار ہے۔ حکومت نے زراعت کے شعبہ پر توجہ نہ دی تو اس کا بہت بڑا نقصان سامنے آئے گا۔ شہر بھی اس سے متاثر ہونگے اور ہمیں اجناس درآمد کرنا پڑیں گی۔ وزیراعظم کو انہوں نے تیل کی قیمتیں کم کرنے کے لئے خط لکھا تھا۔ حکومت کو چاہیے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 75 ڈالر فی بیرل تک آگئی ہے قیمت میں 15 سے 20 روپے کمی کی جائے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Themes