پی سی بی نے سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ کروانے کے لئے آئی سی سی کو درخواست بھجوادی

Published on December 3, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 1,302)      No Comments

4444
لاہور ۔۔۔غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے آئی سی سی کی طرف سے پابندی کے شکار ہونے والے مایہ ناز اسپنر سعید اجمل کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ۔پی سی بی نے سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ کروانے کے لئے آئی سی سی کو درخواست بھجوا دی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ای میل کے ذریعے درخواست کی گئی ہے کہ قومی ٹیم کے آف سپنر سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کے بائیو مکینک ٹیسٹ کے لیے تاریخ مقرر کی جائے۔ سعید اجمل کو آئی سی سی کے باؤلنگ ایکشن کو قواعد وضوابط پر پورا نہ اترنے کے سبب پابندی کا سامنا ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال ٹیسٹ کے دوران فیلڈ امپائروں نے سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کے بارے میں آئی سی سی کو رپورٹ دی تھی جس کے بعد ان کے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ ہوا اور اس رپورٹ کے مطابق ان کی کہنی کا خم 40 ڈگری تھا۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کو ورلڈ کپ کے ممکنہ 30 کھلاڑیوں میں شامل کر رکھا ہے تاہم ابھی اس کا اعلان نہیں ہوا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے مطابق میگا ایونٹ سے قبل 30 ممکنہ کھلاڑیوں کے نام بھیجنے کی آخری تاریخ 7 دسمبر ہے اور امید ظاہر کی جارہی ہے کہ اس سے قبل ہی سعید اجمل کا باؤلنگ ٹیسٹ کر ا لیا جائیگا۔دوسری جانب ’’ دوسرا’’ کے موجد سابق آف سپنرثقلین مشتاق نے پی سی بی کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ سعید اجمل کے بازو کا خم 15 ڈگری کے اندر آچکا ہے اور لندن کے ٹیسٹ سینٹر سے دو مرتبہ ابتدائی ٹیسٹ کرایا گیا ہے جو کہ تسلی بخش رہا۔ثقلین مشتاق کی جانب سے گرین سگنل آنے کے بعد ہی پی سی بی نے سعید اجمل کا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کا آف سپنر سعید اجمل کے ایکشن کا معائنہ انگلینڈ کی بائیو مکینکس لیب سے کرائے جانے کا امکان ہے۔اس حوالے سے پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے جواب کا انتظار ہے ،انٹرنیشنل کونسل کی جانب سے ای میل ملنے کے بعد سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog