ضرب عضب اور شہروں میں آپریشن ملک کی تاریخ میں ایک اہم موڑ ہے، نواز شریف

Published on December 27, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 307)      No Comments

1111
اسلام آباد ۔۔۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر موثر اور تیزی کے ساتھ عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ جمعہ کو یہاں ایک مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایکشن پلان پر عمل درآمد کی خود نگرانی کریں گے۔ کمیٹی جو وزیراعظم کی سربراہی میں قائم ہے، میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ اور وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم انسداد دہشت گردی پالیسی بارے پیشرفت کے لئے یہاں جمع ہوئے ہیں اور میں ہر ایک کو یاد دلاتا ہوں کہ ہم سانحہ پشاور کو کبھی نہیں بھلا سکتے، ہمیں پاکستان سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 24 دسمبر کو تاریخی اتفاق رائے ہوا، جو ایک روڈ میپ دے گا، ہمارے درمیان تاریخی قومی اتفاق رائے ہے اور ہمیں قومی فرض کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کا پاکستان بدلا ہوا پاکستان ہے، وزیراعظم نے کہا کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے کا بھرپور عزم پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک زیرو ٹالرینس کا مطلب زیرو ٹالرینس ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے عوام کے خلاف کسی بھی شکل میں تشدد دہشت گردی کے مترادف ہے اور ہماری سیاست اور فوج اس مسئلہ پر واضح موقف رکھتی ہے۔ ہمیں اس سے سختی سے نمٹنا ہوگا۔ انہوں نے پلان پر عمل درآمد کے لئے ضروری قانونی اور آئینی ترامیم کے لئے سیاسی قیادت کے ساتھ مشاورت کے لئے اٹارنی جنرل کو ذمہ داری سونپی۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور شہروں میں آپریشن ملک کی تاریخ میں ایک اہم موڑ ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وہ ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لئے صوبائی حکومتوں سے مسلسل آگاہی حاصل کرتے رہیں گے اور تمام صوبوں کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی قیادت کے درمیان اتفاق رائے سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی اور زیرو ٹالرینس کا مطلب ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے۔ انہوں نے وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ دہشت گردوں کے فنڈنگ ذرائع کا خاتمہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک ناقابل تنسیخ مرحلہ شروع ہو گیا ہے اور وزارت دفاع کے تعاون سے انسداد دہشت گردی فورس جلد قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم نے شدت پسندی اور فرقہ واریت کو فروغ دینے والے منافرت انگیز مواد پر پابندی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کی لڑکیوں سے زبردستی شادی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، ایسے استحصال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Themes