انجمن غلامان رسول ﷺفحاحیل کے زیر اہتمام روح پرور محفل

Published on January 13, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 627)      No Comments

IMG_2609 (1)
کویت سٹی (عبدالشکورابی حسن)کویت کی سرزمین آمد مصطفی ﷺ کے جشن ولادت باسعادت کے سلسلہ میں محافل کا انعقاد جاری وساری ہے ہرروز عاشق رسول ﷺ اپنی عقیدت کا اظہار حمد ونعت میں کررہے ہیں اس میں پاکستان ،انڈیا بنگلہ دیش ،مصر ،سوڈانی ،شامی اورکویتی نعت خواں گل ہائے عقیدت نچاورکررہے ہیں اورعاشق رسول ﷺ ان سے معطر ہورہے ہیں آج بھی نورِ ذات لم یزل،جلوہ صبحِ ازل،شاہد ماطغیٰ،راز دارِ ما اوحیٰ،نورالانوار،سرالاسرار،احمد مختار ،سرور کائنات حضرت محمد مصطفیﷺ کی دُنیا میں تشریف آوری کی خوشی میں دُنیا بھر کی طرح کویت میں بھی مقیم پاکستانی کمیونٹی کی متعدد تنظیمات کی طرف سے محافل میلادالنبی ﷺ کا روح پرور انعقاد کیا جاتا ہے۔کویت کے علاقہ الفحاحیل میں انجمن غلامان رسول ﷺ (فحاحیل) کے بینر تلے عظیم الشان بارہویں سالانہ محفل میلادالنبیﷺ منعقد ہوئی ۔مقررہ وقت سے پہلے ہی اسکول منقف کا وسیع وعریض ہالدیکھتے ہی دیکھتے عاشقان رسول ﷺ کی کثرت اس بات کی غمازی کر رہی تھی کہ نظم و ضبط اور خوبصورت تقریبات میں جانے والے کم نہیں ہیں ۔انجمن غلامان رسول ﷺ کے نائب صدر خالد رشید چوہدری مائیک پر آئے تو انہوں نے کویت کے مقبول ترین کمپیئر حکیم طارق محمود صدیقی کو باقاعدہ کمپیئرنگ کیلئے دعوت دی جب وہ مائیک پر آئے تو ہال میں موجود حاضرین نے اُن کا فقیدالمثال استقبال کیا میاں محمد فاروق،حاجی محمد مالک نے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے ۔محفل میلادُالنبیﷺ کی صدارت حاجی نجم اقبال (سرپرست اعلیٰ انجمن غلامان رسول ) نے کی جبکہ مہمان خصوصی سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد اسلم خان تھے۔محفل میلادُالنبیﷺ میں کویت کی سیاسی، سماجی،دینی،ادبی،ثقافتی اورسپورٹس کی تنظیموں کے صدور اور کارکنان کے علاوہ ہر مکتب فکر اور زندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ خواتین وحضرات نے شرکت کی،حکیم طارق محمود صدیقی کے مخصوص اندازِ بیاں سے سامعین وحاضرین لطف اندوز ہوتے رہے انہوں نے صحیفہ عظیم قرآن مجید کی لاریب آیات کی تلاوت کیلئے کویت کے ممتاز قاری ،قاری محمد اشفاق سیالوی کو دعوت دی انہوں نے آیات بینات کی تلاوت سے سامعین و حاضرین کو نور قرآن سے منور کیا بعد میں حمد باری تعالیٰ کی سعادت محمد اعجاز مغل کے حصہ میں آئی ۔نقیب محفل حکیم طارق محمود صدیقی نے باری باری محمد اسحاق ، محمد شہباز عطاری، ،غلام سرور حسین نقشبندی،فاروق وارثی اور شاہد محمود قادری کو دعوت دی انہوں نے سامعین وحاضرین سے خوب داد حاصل کی،پاکستان سے تشریف لائے ہوئے مہمان نعت خواں حافظ عبدالوحید ربانی مائیک پر آئے تو انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے انہوں نے تقریباََ آدھا گھنٹہ تک نذرانۂ عقیدت بحضور سرورکونین پیش کیا۔سامعین کی طرف سے شیر اہل سنت صوفی محمد اکبر علی نقشبندی نعت خواں حضرات کا حوصلہ بڑھانے کیلئے نعرے لگاتے رہے ،لندن کے عالمی شہرت یافتہ ثناء خواں حسان احمد ہمدانی اور بھارت سے شاعر اہل سنت اور ثناء خواں اسد اقبال خصوصی طور پر تشریف لائے یہ دونوں ثناء خواں پچھلے سال بھی کویت تشریف لائے تھے وہ محفل بھی لاجواب تھی مگر اس سال ہونے والی محفل تاریخی اور فقیدالمثال ہونے کا اعزاز حاصل کر گئی اُس کی کئی وجوہات ہیں سب سے بڑی وجہ سامعین کا جم غفیر تھا جن میں خواتین کثیر تعدادمیں تھیں اور دوسری بڑی وجہ بھارتی عاشقان رسالت مآبﷺ کی لاتعداد شرکت تھی جو اپنے مخصوص انداز سے نعت خواں حضرات کو دادِ تحسین دے رہے تھے ۔مہمان نعت خوانوں سے پہلے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز علمی و فکری شخصیت علامہ قاری خلیل احمد رضوی (صدر جماعت اہل سنت کویت)کا خطاب ہوا جو نبی کریمﷺ کے والدین اور آبا ء واجداد کے موضوع پر تھا ۔ان کا خطاب قرآن و حدیث کی روشنی میں ہوتا ہے جسے سامعین وحاضرین خوب سراہتے ہیں اُن کے خطاب کے دوران اکثر سامعین کی آنکھوں کے خشک جھروکوں سے سیلاب اشک امنڈنے لگے اور سامعین فرحت محبت سے اٹھ اٹھ کر انہیں داد تحسین دیتے اور سبحان اللہ کی صدائیں بلند کرتے رہے جب انہوں نے نبی محتشم صلی اللہ علیہ وسلم کا شجرہ شریف پڑھا تو ہر چہرہ عشق رسول ﷺ کی حرارت سے چمکنے لگا اور ہر لب سے یارسول اللہ ﷺ کی صدا فضاؤں کو مشک بار کرنے لگی اور ہرآنکھ محبت رسول ﷺ کی تڑپ میں بہنے لگی اور ہر گال تر ہونے لگی سامعین تو خطاب سُن ہی رہے تھے سفیر محترم کی سماعت کا رنگ ہی نرالا تھا انہوں نے کئی ضروری کام موخر کرتے ہوئے اول سے آخر تک شرکت کی جو پوری پاکستانی کمیونٹی کیلئے اعزاز کی بات ہے۔علامہ قاری خلیل احمد رضوی کے پُر مغز خطاب کے بعد۔جنرل سیکرٹری اے جی آرشریف خان جولانہ اظہار خیالات کیلئے مائیک پر تشریف لائے انہوں نے اپنی تنظیم کا تعارف اور اغراض ومقاصد بیان کئے انہوں نے بتایا کہ ایک چھوٹی سی دکان سے محفل حمدونعت کا سلسلہ شروع ہوہوا جو آج کویت کے طول وعرض میں پھیل چکاہے۔ انہوں نے سفیر محترم محمد اسلم خان،اسد قبال(انڈیا)۔حسان احمد ہمدانی(لندن) قاری عبدالوحید(پاکستان) اور نقیب محفل حکیم طارق محمود صدیقی کا شکریہ ادا کیا۔ لندن سے تشریف لائے ہوئے مہمان نعت خواں حسان احمد ہمدانی، نعت رسول مقبول ﷺ کیلئے مائیک پر آئے تو انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے انہوں نے ایک گھنٹہ تک حاضرین کو اپنی جادوئی آواز میں جکڑے رکھا ۔اللہ رب العزت نے انہیں خوبصور ت آواز سے نواز رکھا ہے اور انہوں نے اپنی آواز کو سرورکونین ﷺ کی مدح سرائی کیلئے استعمال کیا ہے اور دُنیا میں ایک خاص مقام حاصل کیا ہے جو بہت کم لوگوں کے حصہ میں آتا ہے۔اب باری تھی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان بریلویؒ کے روحانی وارث اسد اقبال کی جو بھارت سے خصوصی طور پر محفل میں شرکت کیلئے تشریف لائے تھے اُن کا بھی بے مثال استقبال کیا گیا ان کی آواز میں ایسی برکت ہے جو سامعین و حاضرین کو حضوری کی منزلوں تک لے جاتی ہے۔سوزو گداز میں ڈوبی ہوئی آواز ،عشق رسول ﷺ کی شدت ،اظہار بیاں کا سلیقہ اور موزوں کلا م کا انتخاب اسد اقبال کا خاص فن ہے جسے وہ کبھی بھی ضائع نہیں کرتے انہوں نے ایک گھنٹہ تک اپنی آواز کے سحر میں سامعین و حاضرین کو جکڑے رکھاجب وہ مائیک چھوڑنے لگے تو سامعین نے کھڑے ہو کر درخواست کی کہ اور پڑھا جائے جسے انتظامیہ نے معذرت کے ساتھ قبول نہ کہا ۔حاجی نجم اقبال سرپرست اعلیٰ انجمن غلامان رسول ﷺ صدارتی خطبہ کیلئے مائیک پر آئے انہوں نے بڑی محبت سے سفیر محترم محمد اسلم خان صاحب، نقیب محفل،خطیب محفل،نعت خوانان محفل،سامعین محفل،کارکنان محفل اور صحافی برادری(حاجی عبدالشکور ابی حسن بیوروچیف روزنامہ نوائے وقت) فوٹو گرافر خالد جاوید نور،خلیل الرحمان اور حاجی جاوید اقبال،نیاز عابد چوہدری) کا شکریہ ادا کیااور آئندہ محفل میلادُالنبیﷺ کے انعقاد کا اعادہ کیا۔آخر میں سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان کو خطاب کیلئے دعوت دی گئی تو حاضرین نے کھڑے ہو کر اپنے محبوب مہمان کا استقبال کیا انہوں نے اپنے مختصر خطاب میں سرور کونین ﷺ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے آقا کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے پر زور دیا انہوں نے کہا ہمیں ہر حال میں نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی سیرت پر چلنے کی کوشش کرنی چاہئے انہوں نے اے جی آرکی انتظامیہ کو عظیم الشان محفل میلادُالنبیﷺ کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارک باد بھی پیش کی۔اے جی آرکی طرف سے حاجی نجم اقبال،شریف خان جولانہ،میاں محمد فاروق،خالد رشید چوہدری،آصف جمال،حاجی محمد مالک ،میاں محمد ارشد،میاں ساجد حسین اورطاہر محمود نے سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد اسلم خان کو یادگاری شیلڈ پیش کی ۔حسان احمد ہمدانی اور اسد اقبال کو سفیر محترم نے یادگاری شیلڈ پیش کی۔نائب صدر خالد رشید چوہدری اور طاہر محمود کو اے جی آرکیلئے بے مثال خدمات کے اعتراف کے طور پر یادگاری شیلڈز سے نوازا گیا۔مقامی نعت خواں حافظ عبدالوحید ربانی کو بھی سفیر محترم نے شیلڈ سے نوازا۔اب محفل میلادُالنبی ﷺ اپنے آخری مرحل میں داخل ہو چکی تھی ۔سامعین و حاضرین کے قلوب و اذہان میں عجیب عجیب کشمکش ہو رہی تھی ہاں عمرہ کیلئے قرہ اندازی کا وقت تھا سفیر محترم نے اپنے دست مبارک سے پہلی پرچی نکالی تو فضا ء سیدی مرشدی یانبیﷺ یانبی ﷺ کے فلک شگاف نعروں سے گونجنے لگی۔شروع میں اعلان کیا گیا کہ 4عمرہ کے مکمل پیکج ہیں دوران محفل سامعین میں سے مختلف شخصیات کی طرف سے عمرہ ٹکٹیں بڑھتے بڑھتے 13ہو گیءں اور انتظامیہ کی طرف سے نقیب محفل حکیم طارق محمود صدیقی کو محفل میلادالنبیﷺ کی کامیاب نقابت کرنے پر عمرہ کا مکمل پیکج انعام کے طور پر دِیا گیا۔محفل کے اختتام پر نذران�ۂ سلام بحضور سرور کونین ﷺ پیش کیا گیا صاحبزاہ قاری خلیل احمد رضوی نے مسلم امہ، استحکام پاکستان اور کویت کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کرائی اے جی آرنے عشائیہ کا پُر تکلف انتظام کیا ہوا تھا،کھانے کے بعد حاضرین اپنی اپنی رہائشوں کی جانب روانہ ہو گئے اس کامیاب محفل کو مدتوں یاد رکھا جا ئے گا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes