پٹرول کی قلت کا مسئلہ اسی ہفتے حل ہو جائے گا، شاہد خاقان عباسی

Published on January 20, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 419)      No Comments

02
اسلام آباد ۔۔۔ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پٹرول کی قلت کا مسئلہ اسی ہفتے حل ہو جائے گا، یومیہ سپلائی دگنا کر دی گئی ہے، وزیراعظم نے پٹرول کی قلت کی وجوہات جاننے اور ذمہ داروں کے تعین کیلئے کمیٹی بنا دی ہے ، کمیٹی (آج) منگل کو وزیراعظم کو رپورٹ پیش کر دے گی، عوام کی تکلیف اور اپنی ذمہ داری کا احساس ہے، صارفین پٹرول کی زائد خریداری نہ کریں، سپلائی اب مستحکم رہے گی، یکم فروری کو پٹرول کی قیمت میں 5 روپے یا اس سے زائد کی مزید کمی کی جائے گی، سیف الرحمان کا پاکستان کی کسی قسم کی خریداری سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان، قائم مقام سیکرٹری ارشد مرزا اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر راؤ تحسین علی خان بھی موجود تھے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں پٹرول کی قلت پیدا ہوئی، بنیادی طور پر یہ مسئلہ جنوری میں پٹرول کی طلب میں غیر معمولی اضافہ کی وجہ سے ہوا ہے، دسمبر میں پٹرول کی یومیہ کھپت 12 ہزار میٹرک ٹن تھی جو جنوری میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد بڑھ کر 15 ہزار میٹرک ٹن ہو گئی، اس کمی کو دور کرنے کیلئے کوشش کی جا رہی ہے، یکم جنوری کو 40 ہزار میٹرک ٹن پٹرول کی ریکارڈ فروخت ہوئی جو اس سے پہلے 16 ہزار میٹرک ٹن سے کبھی نہیں بڑھی تھی، قیمتوں میں کمی کی وجہ سے پٹرول کا استعمال بھی بڑھ گیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے اوائل میں ہی پارکو ریفائنری بھی فنی خرابی کی وجہ سے پانچ دن کیلئے بند رہی اور پٹرول لے کر آنے والا ایک بحری جہاز بھی تاخیر کا شکار ہوا جس کی وجہ سے یہ مسئلہ پیدا ہوا تاہم اب پٹرول کی سپلائی بڑھا دی گئی ہے اور 15 ہزار 600 میٹرک ٹن یومیہ پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے جو پچھلے مہینے کی کھپت سے 30 فیصد زائد ہے، اس کے علاوہ لاہور اور کراچی میں سی این جی سٹیشنز بھی کھولے گئے جس سے صورتحال میں بہتری آئی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں پٹرول کی فراہمی چار لاکھ لیٹر سے بڑھا کر 5 لاکھ 75 ہزار لیٹر اور اسلام آباد میں 4 لاکھ 25 ہزار لیٹر سے بڑھا کر 6 لاکھ لیٹر یومیہ کر دی گئی ہے

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog