نئی دلی (یو این پی) خواتین جب 40 سال کی عمر کو پہنچتی ہیں تو اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت قدرتی طور پر کم ہونے لگتی ہے اور عموماً اس عمر کے بعد بچوں کی پیدائش بہت کم خواتین کے ہاں ہوتی ہے مگر بھارت میں ایک خاتون نے 70 سال کی عمر میں جڑواں بچوں کو جنم دے کر ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
ریاست اترپردیش کے ایک دور دراز گاﺅں میں رہنے والی اوم کاری سنگھ اور ان کے خاوند چرن کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش 2008ءمیں ہوئی۔ ایک بچہ چار سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گیا جبکہ دوسرا اب چھ سال کا ہے۔ اب اوم کاری کی عمر 76 سال جبکہ چرن کی عمر 89 سال ہے اور ان کے بیٹے آکاش وانی نے سکول جانا بھی شروع کر دیا ہے۔ اوم کاری کہتی ہیں کہ ان کی دو بیٹیاں تھیں اور انہیں بیٹے کی شدید خواہش تھی۔
انہوں نے گھر، زمین اور مال مویشی یچ کر ٹیسٹ ٹیوب کے ذریعے بچہ پیدا کرنے کے اخراجات جمع کئے اور یہ کام کر دیا۔ اگرچہ ان کے تمام عزیزوں اور گاﺅں والوں نے ان کے فیصلے پر بہت تنقید کی مگر وہ باز نہ آئیں۔ جس وقت ان کے جڑواں بچے پیدا ہوئے تو ان کی بڑی بیٹی کی عمر 50 سال تھی۔ یہ نہایت بوڑھے والدین کہتے ہیں کہ ان کی آخری خواہش یہ ہے کہ ان کے بیٹے کی جلد از جلد شادی ہو جائے، مگر ان کی عمر ان کا ساتھ دیتی نظر نہیں آتی۔