ملک بھر میں یوم پاکستان (آج) بھرپور انداز میں منایا جائے گا

Published on March 23, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 482)      No Comments
08
اسلام آباد (یو این پی) ملک بھر میں یوم پاکستان (آج) پیر کو بھرپور انداز میں اس عزم کے ساتھ منایا جائے گا کہ وطن کو عظیم سے عظیم تر بنایا جائیگا اورملک کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر 7 سال بعد پاکستان ڈے پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا، اس کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ اس ضمن میں فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد ہفتہ کو کیا گیا۔ یوم پاکستان کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے ہو گا۔ مساجد میں پاکستان میں امن اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ یوم پاکستان کے موقع پر سب سے بڑی تقریب فیض آباد کے نزدیک پریڈ گراؤنڈ میں ہو گی جس میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم محمد نواز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے علاوہ ملک کی اعلی عسکری اور سیاسی قیادت، پاکستان میں موجود غیر ملکی سفارتکار اور بڑی تعداد میں مہمان شرکت کریں گے۔ اس موقع پر بری، بحری اور فضائی مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے سلامی دیں گے جبکہ رینجرز، پاک فوج کی مسلح خواتین کا دستہ، ایف سی، گرل گائیڈز، بوائے سکاؤٹس کے دستے بھی سلامی دیں گے۔ پاک فوج کے جوانمرد کمانڈوز بھی ’’اللہ ہو‘‘ کی گونج میں سلامی دیں گے۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے جنگی جہاز اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ انفنٹری یونٹ، لائٹ انفنٹری کمانڈو بٹالین، پاکستان آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز، ایم آئی 17، کوبرا، گن شپ ہیلی کاپٹرز، پوما ہیلی کاپٹرز بھی سلامی دیں گے۔ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ثقافت پر محیط فلوٹس بھی عوام کی توجہ کا مرکز بنیں گے۔ اس موقع پر (آج) پیر کو پریڈ گراؤنڈ کو آنے والے تمام راستے عام پبلک ٹرانسپورٹ اور بڑی گاڑیوں کیلئے بند ہوں گے، صرف پریڈ میں مدعو مہمان کی اس راستے کو استعمال کر سکیں گے۔ اس ضمن میں عوام کی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے متبادل روٹس سے بھی باقاعدہ آگاہ کیا جا رہا ہے۔
Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Theme