وزیر اعلیٰ پنجاب نے’’پڑھو پنجاب۔ بڑھو پنجاب‘‘ کے انقلابی پروگرام کا اعلان کردیا،

Published on March 31, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 580)      No Comments

06
لاہور ۔۔۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سکولز ریفارمز روڈمیپ کے نئے مرحلے ’’پڑھو پنجاب۔بڑھو پنجاب‘‘ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018ء تک صوبہ پنجاب کے ہر بچے و بچی کے سکول داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،نئے مرحلے کے تحت سکولو ں میں زیرتعلیم طلبا و طالبات کو امتحانی سوالات کے 85 فیصد درست جوابات دینا ہوں گے جس سے معیاری تعلیم کے فروغ میں مدد ملے گی اور طلبا و طالبات کی صلاحیتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور کے دیہی علاقے میں ایک سکول اپنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سکول کے معاملات کی نہ صرف نگرانی کریں گے بلکہ گاہے بگاہے سکول کا دورہ بھی کریں گے،جبکہ حکومت پنجاب کے وزراء، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز، مختلف محکموں کے سربراہان، کمشنرز، آر پی اوز ، ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز بھی اسی طرح ایک ایک سکول اپنائیں گے۔ وہ پیر کے روز ایوان اقبالؒ میں محکمہ تعلیم پنجاب کے زیراہتمام پنجاب سکولز ریفارمز روڈمیپ کے نئے مرحلے ’’پڑھو پنجاب۔بڑھو پنجاب‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے 2 بچوں کے داخلہ فارم پر دستخط کرکے داخلہ مہم برائے سال 2015-16 کا باقاعدہ آغاز کیا اور بچوں کو کتابیں ، بیگ اور سٹیشنری بھی دی۔وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر، صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، ڈیفڈ کے خصوصی نمائندے سر مائیکل باربر، ڈونرز اداروں کے نمائندے، یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، تعلیمی اداروں کے سربراہان، دانشوروں، کالم نگاروں، ماہرین تعلیم، اساتذہ، والدین اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تعلیمی شعبے میں انقلاب برپا کرنے کے حوالے سے ایک اہم اور غیر معمولی دن ہے اور آج ہمیں اس بات کا عزم کرنا ہے کہ 2018ء کے تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے محنت، دیانت اور لگن کے ساتھ کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور مدارس کے نصاب میں بردباری، برداشت، محبت اور اخوت کے جذبات پر مبنی اضافی مضامین شامل کئے جا رہے ہیں جو یقیناًانتہاپسندی کے رجحانات کے خاتمے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج انتہاپسندی، قومی وسائل کو لوٹنے والوں کے ہاتھ روکنے، تعلیم کو عام کرنے میں رکاوٹ ڈالنے والوں اور امیر اور غریب کے درمیان خلیج ختم کرنے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والو ں کے خلاف جہاد کرنے کی ضرورت ہے اور ان کے خلاف ہر محاذ پر فیصلہ کن جنگ لڑنے کا وقت آ گیا ہے، اب ہمیں فیصلہ کرکے آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں جزا اور سزا کے نظام کے بغیر تعلیمی اہداف کا حصول ممکن نہیں، اگر ہم نے آگے بڑھنا ہے اور اپنی منزل حاصل کرنا ہے تو سزا اور جزا کے نظام کو اپنانا ہوگا، اچھے کام کرنے والے ہمارے سروں کا تاج ہیں اور ان کی عزت اور احترام ہم پر واجب ہے جبکہ مقررہ اہداف کے حصول میں غیر تسلی بخش کارکردگی دکھانے والوں کی بازپرس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حاصل پور کے دانش سکول کی بچیوں نے امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں ہونے والے بین الاقوامی سائنسی نمائش میں انرجی ٹربائن میں پانچویں پوزیشن حاصل کرکے دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کیا اور یہ ان لوگوں کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ ہے جو دانش سکولوں پر تنقید کرتے رہے اور خود کو ملک کے مالک سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکولز سسٹم پر ایسے افراد تنقید کر تے رہے ہیں جنہوں نے خود پاکستان اور دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کی۔ قوم ان سے یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہے کہ جب وہ اعلیٰ یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے تھے تو انہیں اس وقت غریبوں کا خیال کیوں نہیں آیا؟ کس قدر ستم ظریفی ہے کہ اشرافیہ کے بچے تو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کریں جب غریب کے بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات کیلئے وسائل کی فراہمی کی بات کی جائے تو یہ کہتے ہیں کہ وسائل ضائع کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سفارش کے بغیر میرٹ کی بنیاد پر ایک لاکھ سے زائد اساتذہ بھرتی کئے گئے ہیں جنہیں بہترین اور معیاری تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ پنجاب میں سفارش، رشوت، کرپشن، دھونس اور دھاندلی کے کلچر کو دفن کر دیا گیا ہے اور تمام اداروں میں بھرتیاں صرف میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر ہو رہی ہیں،لاکھوں طلبا و طالبات کو میرٹ پر ہی لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں اور صوبے کے تمام سکولوں میں آئی ٹی لیبز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان، سیکرٹری تعلیم عبدالجبار شاہین اور ڈیفڈ کے خصوصی نمائندے سر مائیکل باربر نے پنجاب سکولز ریفارمز روڈمیپ کے نئے مرحلے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes