پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے، پاکستان اور افغانستان کو اندرونی خطرات کا سامنا ہے : افغان جنرل شیر محمد کریمی

Published on April 18, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 739)      No Comments

Abcراولپنڈی (یو این پی) پاک فوج کے لانگ کورس کی132ویں پاسنگ آﺅٹ تقریب میں افغان فوج کے سربراہ جنرل شیر محمد کریمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کی پاسنگ آﺅٹ تقریب ہمیشہ سے یادگار ہوتی ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور اس فوج کے جوانوں کی پاسنگ آﺅٹ تقریب میں انہیں مدعو کرنے پر وہ فوجی قیادت کے شکرگزار ہیں۔ افغان آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اس پاسنگ آﺅٹ تقریب میں شرکت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ پاک فوج اور عوام کی مہمان نوازی پر شکر گزار ہیں۔ پاس ہونے والے نوجوان کیڈیٹس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل شیر محمد کریمی کا کہنا تھا کہ 47 سال قبل انہوں نے بھی اپنی فوجی تربیت مکمل کی تھی اور فوج میں پیشہ ورانہ زندگی کے لیے تربیت بھی بہت ضروری ہوتی ہے۔ انہوں نے کیڈیٹس سے مخاطب ہوکر کہا کہ زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے جسمانی فٹنس کے علاوہ قائدانہ صلاحیتوں کا ہونا بھی بہت ضروری ہے اور آپ سب کو چاہیئے کہ آپ بھی اپنی قائدانہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کریں۔ اس طرح آپ لوگ قوم کے لیے قابل تحسین اضافہ ہوں گے اور قوم آپ پر فخر کرے گی۔ پاک افغان حالات کے حوالے سے افغان جنرل کا کہنا تھا کہ ہمارے خطے کو دہشت گردی کا سامنا ہے اور پاک افغان سٹریٹیجک ڈائیلاگ حوصلہ افزاء ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کو سب سے زیادہ غیر ریاستی عناصر کا سامنا ہے لیکن دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی بات چیت سے ان کو مات دینے کے لیے امید کی کرن پیدا ہوئی ہے۔ جنرل شیر محمد کریمی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں جبکہ پاکستان اور افغانستان کو دہشتگرد گروپوں سے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے پڑوسی ملک میں امن و استحکام کے حوالے سے بھی سوچنا ہو گا۔ جنرل شیر محمد کریمی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 20سالوں کے دوران خطے میں بڑی تبدیلیاں آئی ہیں اور پاکستان سمیت افغانستان کو بیرونی سے زیادہ اندرونی خطرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مل کر دہشت گردی کے ناسور کو ختم کر سکتے ہیں اور جلد اس مقصد میں کامیاب ہو جائیں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Themes