دوبارہ انتخابات ہونے سے بھی کامیابی (ن) لیگ کو ملے گی، خواجہ محمد آصف

Published on May 5, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 499)      No Comments

8
اسلام آباد ۔۔۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اعتماد ہے کہ این اے 125 کے دوبارہ انتخابات ہونے سے بھی کامیابی (ن) لیگ ہی کو حاصل ہو گی۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلقے میں دوبارہ پولنگ ہوئی تو خواجہ سعد رفیق ہی کامیاب ہونگے۔ انہوں نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے پر تبصرہ نہ کرنے کا کہتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کیلئے این اے 125 کا ٹربیونل کا فیصلہ ایک دھچکا ہے لیکن ان کے پاس فیصلے کیخلاف اپیل اور ری پولنگ سمیت متعدد آپشنز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم الکیشن ٹربیونل کے فیصلے کی قدر کرتے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) قانون کے مطابق آگے بڑھے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ این اے 125 میں ری الیکشن ہوا تو خواجہ سعد رفیق ہی دوبارہ سے کامیاب ہونگے جس کا واضح ثبوت حال ہی میں ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات ہیں جن میں اس حلقے کے کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقے کی 20 میں سے 15 سیٹیں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات نے بھی واضح کر دیا ہے کہ عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کیساتھ ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ٹربیونل نے جو فیصلہ دیا ہے وہ انتخابی عملے کی تکنیکی اور طر یقہ کار کے حوالے سے خامیوں کی بناء پر ہے۔خواجہ سعد رفیق کی 2013ء کے انتخابات میں 40 سے 45 ہزار ووٹوں کی برتری کو کالعدم قرار نہیں دیا گیا۔ جوڈیشل کمیشن کے دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے حوالہ جات کی شرائط مختلف ہیں کیونکہ وہاں منظم دھاندلی کو ثابت کرنے کی ضرورت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کو تسلیم کرے گی خواہ وہ کوئی بھی ہو۔ متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین کے حالیہ بیان کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ الطاف حسین کا بیان مکمل طور پر غلط ہے۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے تمام وفاقی ادارے بشمول سندھ حکومت کراچی میں امن کیلئے ایک صفحے پر موجود ہیں اور کراچی میں مکمل امن کی بحالی تک آپریشن کو جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم جرائم پیشہ افراد کے خاتمے کیلئے متحد ہے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے کیلئے مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ملکی فوج ایک نئی تاریخ رقم کر رہی ہے۔ انہوں نے منی لانڈرنگ کو ایک عالمی جرم قرار دیا جس سے دہشت گردی کو فروغ ملتا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملکی فیصلوں پر سول اور فوجی قیادت میں مکمل اتفاق ہے۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت، پاکستانی افواج اور پارلیمنٹ کا یمن بحران کے حوالے سے پہلے دن سے اتفاق رائے ہے اور آج بھی اسی پر قائم ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Theme