بنگلہ دیش مشکلات کا شکار، 107 پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی

Published on May 7, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 670)      No Comments

CRICKET-BAN-PAKبنگلہ دیش مشکلات کا شکار، 107 پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی
اظہر کی پہلی ڈبل سنچری، 226 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، اسد شفیق 107 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے
فالو آن کی خفت سے بچنے کیلئے 251 رنز درکار، جنید خان اور یاسر شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں
میرپور (یو این پی) اظہر علی کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان کی میرپور ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی، میچ کے دوسرے روز پاکستان نے 557 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ اظہر علی نے 226 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ اسد شفیق 107 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ تیج الاسلام نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش نے کھیل کے اختتام تک 107 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دیں اور اسے فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 251 رنز کی ضرورت ہے۔ امرالقیس 32 اور محمود اللہ 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ شکیب الحسن 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ جنید خان اور یاسر شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جمعرات کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں اختتامی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے 323 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی نا مکمل اننگز کا آغاز کیا تو مصباح الحق گزشتہ روز کے سکور میں اضافہ کئے بغیر 9 رنز پر ہی آؤٹ ہو گئے، انہیں شکیب الحسن نے کلین بولڈ کیا۔ اس کے بعد اظہر علی اور اسد شفیق نے انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 207 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا سکور 530 تک پہنچا دیا، اظہر علی نے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری سکور کی اور 226 رنز بنانے کے بعد شوگاتا ہوم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اسد شفیق نے چھٹی ٹیسٹ سنچری بنائی، وہ 107 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ وہاب ریاض 4 اور یاسر شاہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے 557 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا۔ سرفراز احمد 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے تین جبکہ محمد شاہد او شوگاتا ہوم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 4 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب تمیم اقبال چار رنز بنانے کے بعد جنید خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 38 پر بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ گر گئی، مومن الحق 13 رنز بنانے کے بعد جنید خان کا نشانہ بنے۔ امرالقیس تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 32 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ محمود اللہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 28 رنز بناکر وہاب ریاض کا شکار بن گئے۔ اختتامی اوور میں بنگلہ دیشی کپتان مشفق الرحیم 12 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اس طرح میزبان ٹیم نے 107 پر 5 وکٹیں گنوا دیں اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 450 رنز درکار ہیں، شکیب الحسن 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ جنید خان اور یاسر شاہ نے دو، دو جبکہ وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Theme