پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ جنوبی ایشیا میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہو گا:شہبازشریف

Published on July 6, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 431)      No Comments

images
لاہور(یوا ین پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ بورڈ آف گورنرز کے صدر پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے منصوبے کے مختلف امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں بعض امور کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کا منصوبہ صحت عامہ کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے اوریہ ادارہ جنوبی ایشیا کا سٹیٹ آف دی آرٹ انسٹی ٹیوٹ ہو گا جہاں گردے اور جگر کے مریضوں کو ایک چھت تلے جدید ترین طبی سہولتیں میسر آئیں گی اور گردے اور جگر ٹرانسپلانٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سینٹرپاکستان میں اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہوگا اور یہ منصوبہ صحت عامہ کے شعبہ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔مفاد عامہ کے حوالے سے نہایت اہمیت کے حامل اس منصوبے کوقومی جذبے او رمحنت سے کام کرتے ہوئے تیز رفتاری سے مکمل کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ صحت عامہ کی سہولتوں میں ایک شاندار اضافہ ہوگا اور عالمی معیار کے اس ادارے میں بہترین ماحول میں معیاری طبی سہولتیں دستیاب ہوں گی جبکہ عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی۔ادارے میں ریسرچ سنٹر بھی بنے گا اور میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کا پروگرام بھی بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انسٹی ٹیوٹ کیلئے ماہر ڈاکٹروں اور نرسوں کو میرٹ پر بھرتی کرنے کیلئے ابھی سے منصوبہ بندی کی جائے۔ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے ڈاکٹروں اور نرسوں کو بیرون ملک تربیت دلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی پلاننگ اور ڈیزائننگ کے دوران تمام ضروری امور کا خیال رکھا جائے۔وسائل قوم کی امانت ہیں۔وسائل کا درست اور شفاف استعمال ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے بعض امور پر فوری فیصلے کرنے کیلئے ٹیکنیکل سب کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی او رکہا کہ متعلقہ ادارے منصوبے کے حوالے سے ہر ممکن تعاون یقینی بنائیں۔ انہو ں نے ہدایت کی کہ مقرر کردہ ٹائم لائن کے حصول کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ صوبائی سٹیرنگ کمیٹی منصوبے کے حوالے سے ہر 15 دن بعد باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرے اوراس انتہائی اہم منصوبے پر عملدرآمد کیلئے تندہی، محنت اور لگن سے کام کیا جائے۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز خزانہ ، صحت، تعمیرات و مواصلات، ہاؤسنگ، کمشنر لاہور ڈویڑن، ڈی سی او لاہور، ایم ڈی سوئی نادرن گیس پائپ لائنز، چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکوو متعلقہ حکام اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈز آف گورنرز کے ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Premium WordPress Themes