بھارت عید کے موقع پر تمام سیاسی نظربندوں کو رہا کرے، فورم سید علی گیلانی

Published on July 15, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 644)      No Comments

8888
سرینگر(یو این پی) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی زیر قیادت فورم نے تحریک حریت کے رہنما راجہ معراج الدین کی پولیس اسٹیشن نوگام میں مسلسل نظربندی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عید کے موقع پر تمام سیاسی نظربندوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرینگر سے جاری ایک بیان میں فورم کے ترجمان نے کہا کہ راجہ معراج الدین کو بغیر کسی وجہ کے حبس بے جا میں رکھا گیا ہے اور بھارتی پولیس یہ بتانے سے قاصر ہے کہ انہیں کیوں اور کس قانون کے تحت نظربند کیا گیا ہے۔ ترجما ن نے راجہ معراج الدین کو رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ آزادی پسندوں کو سیاسی سرگرمیاں انجام دینے کا موقع فراہم نہیں کررہی ہے اور انہیں ہر سطح پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ا نہوں نے کہاکہ13جولائی کو یوم شہداء کے موقع پر پوری آزادی پسندقیادت کو گھروں اور پولیس تھانوں میں نظربند کیاگیا تھا اور تحریک حریت کے رہنما راجہ معراج الدین کو ابھی تک رہا نہیں کیا گیا ہے۔ فورم نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ عیدکے موقع پر راجہ معراج الدین اور دوسرے تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں اور بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ آزادی پسندوں کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کو ختم کرے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Themes