وزیراعظم محمد نواز شریف کا عید کے موقع پر پیغام

Published on July 18, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 357)      No Comments

1اسلام آباد (یو این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر تمام عالم اسلام خصوصاً اہل پاکستان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے دن کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دیں، وسائل سے محروم لوگوں کو اپنے ساتھ عید کی خوشیوں میں شامل کریں اور قوم کی حقیقی اور پائیدار خوشیوں کیلئے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کا عہد تازہ کریں۔ عید الفطر پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ وہ عیدالفطر کے پُر مسرت موقع پر تمام عالم اسلام اور خصوصاً اہلِ پاکستان کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبار ک کا مقدس مہینہ صبر وتحمل کی تربیت کا بہترین ذریعہ ہوتا ہے۔ ہمیں اس ماہِ مبارک کی برکتوں اور فضیلتوں کو شامل حال رکھنے کے لئے اس ماہ کی تربیت کو اپنے کردارو عمل کا حصہ بنالینا چاہیے۔ عید الفطر اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے کہ اُس نے ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں سے نوازا اور روزے رکھنے کی توفیق عطا فرمائی۔ خوشی اور تشکر کے اس دن کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دیں۔ اس روز سعید کا تقاضا یہ بھی ہے کہ ہم اپنے گردو پیش پر نظر ڈالیں اور انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں جو وسائل سے محروم ہیں۔ دُوسروں کے چہروں پر مسکراہٹیں لانا ہی حقیقی خوشی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ خوشی کے اس موقع پر ہمیں اپنے اُن جوانوں اور افسروں کو بھی ضرور یاد ر کھنا چاہیے جو اپنے گھروں اپنے پیاروں سے دور ہمارے تحفظ اور ملکی امن و امان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہمیں دُعا کرنی چاہیے کہ اللہ اُنہیں اس قومی مقصد میں کامیابی عطا فرمائے۔ ہمیں اپنے شہیدوں کو بھی دُعاؤں میں ضرور یاد رکھنا چاہیے جن کا لہو قوم کی زندگی کی ضمانت بنا۔ شہدائے قوم کے اہل و عیال کو عید کی خوشیوں میں شریک رکھنا ہماری اجتماعی قومی ذمّہ داری ہے۔عید کے موقع پر ہمیں شمالی وزیرستان کے متاثرین کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو قوم کی خاطر عید اپنے گھروں سے باہر کیمپوں میں منائیں گے۔ ہمیں سانحہ پشاور کے اُن معصوم بچوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے جن کے لہو نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد اور پُر عزم ہونے کا پیغام دیا۔ ان بچوں کے والدین کا غم ہم سب کا غم ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج کے دن ہم ان شہید بچوں کی یاد میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عہد تازہ کرتے ہیں تا کہ قوم کو حقیقی اور پائیدار خوشیا ں حاصل ہوں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حفظ و امان میں رکھے۔ وطن عزیز کو امن، ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرے اور آج کے دن کی خوشی کو قوم کی دائمی خوشیوں میں بدل دے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Premium WordPress Themes