بھارت بلوچستان کے راستے دہشتگرد کارروائیاں کررہا ہے؛ آئی جی فرنٹیئر کور

Published on July 31, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 595)      No Comments

abc نوشکی (یو این پی) انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان میجر جنرل شیر افگن نے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان کے راستے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں کررہاہے۔ یہ بات انہوں نے ضلع نوشکی میں دورے کے موقع پر قبائلی عمائدین سے گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں کو اسلحہ، کمیونیکیشن اور پیسے دینے کےلئے انہی سرحدی علاقوں کو استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے پاس ہتھیار ڈالنے یا مرنے کے سوا کوئی تیسرا آپشن نہیں۔ ریاست کےخلاف لڑنے والے عبرتناک انجام کےلئے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے۔ اللہ نے اس خطہ کو مالامال کیا ہے، مگر چند عناصر نہیں چاہتے کہ بلوچستان ترقی کرے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن بلوچستان کی پالیسی کے تحت ان لوگوں کو راستہ دینا ہے جو قومی دھارے میں شامل ہونا چاہتے ہیں اس پالیسی کے تحت ہتھیارڈالنے والوں کو قومی دھارے میں لایا جائے گا اور ہتھیار ڈالنے والوں کی بھرپورمعاونت کی جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ قوم ترقی چاہتی ہے، چند دہشت گرد پوری قوم کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ اس سے قبل آئی جی ایف سی نے پاک ایران سرحدی شہر تفتان کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران آئی جی ایف سی نے ایف سی جوانوں سے ملاقات کی اور انہوں نے قیام امن میں ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کےلئے ایف سی کے جوانوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی نے تفتان میں ایف سی کی کاوشوں سے ایک غیرآباد ہوٹل کا تزئین و آرائش کے بعد افتتاح کیا اور ہوٹل کو ایران جانے والے زائرین کے لئے کھول دیا گیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Themes