شہیدوں کی لازوال قربانی ہمارے حوصلوں کو جلا بخشتی ہے لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات

Published on August 22, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 305)      No Comments

mail.google.com
ٹیکسلا ( ڈاکٹر سید صابر علی / یو این پی )’’میں سلام پیش کرتا ہوں ان شہدا کو جنہوں نے وطن عزیز اور اس ادارے کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور شہادت کے عظیم منصب پر فائز ہوئے۔ان شہداء کو ہم بھولے نہیں بلکہ ان کی یاد ہمیشہ ہمارے ساتھ رہتی ہے اور ان شہیدوں کی لازوال قربانی ہمارے حوصلوں کو جلا بخشتی ہے‘‘۔ ان خیالات کا اظہارلیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات، ہلال امتیاز (ملٹری) چیئرمین پی او ایف بورڈ نے پی او ایف کے شہدا کی ساتویں برسی کی پُر وقار تقریب کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائیوں سے ہمارے حوصلے کبھی کمزور نہیں ہوئے بلکہ شہدا کی قربانی اور عزم و ہمت نے ان میں نئی جان ڈال دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے لواحقین کے مسائل کے حل کے لیے ایک شہدا سیل قائم کر دیا گیا ہے اور اس کے لیے ایک خطیر رقم بھی مختص کر دی گئی ہے تا کہ شہدا کے لواحقین کے مسائل کو بہتر طور پر حل کیا جا سکے۔ اس سے پہلے چیئرمین پی او ایف بورڈ نے یادگارشہدا پر پھول چڑھائے جبکہ ڈی ایس جی کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ یاد رہے کہ 21اگست 2008کو پی او ایف کے گیٹس پر دو خود کش دھماکوں میں 70ملازمین نے جام شہادت نوش کیا اور 196ملازمین زخمی ہوئے تھے۔ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پی او ایف میں ہر سال 21اگست کوخصوصی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا جا تا ہے۔ امسال بھی ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔قبل ازیں کرنل محمد حسیب اعظم ڈپٹی ڈائریکٹر فیلڈ ایڈمن نے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ چیئرمین پی او ایف بورڈ کی ہدایت و رہنمائی میں قائم ہونے والا شہدا سیل ایک شفاف نظام کے تحت شہدا کے لواحقین کو ہر ممکن مالی مدد و معاونت فراہم کر رہا ہے اور پی او ایف انتظامیہ شہداء کے لواحقین کے مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ اس موقع پر شہدا کے لواحقین کے علاوہ سینئر سول و فوجی افسران اور پی او ایف ملازمین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ چیئرمین پی او ایف بورڈ نے شہدا کے لواحقین کی فرداََ فرداََ خیریت دریافت کی ، ان کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے مسائل کے حل کے احکامات جاری کئے۔ چیئرمین پی او ایف بورڈ نے شہدا کے لواحقین کو یقین دلایا کہ ان کی فلاح و بہبود کے لیے کئے گئے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Themes