بارانی ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت مکمل ہونے والے مختلف منصوبوں میں سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں کی جامع تحقیقات کا حکم

Published on September 5, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 407)      No Comments

index
ایبٹ آباد (یواین پی)خیبر پختونخوا اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں بارانی ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت مکمل ہونے والے مختلف منصوبوں میں سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں کی جامع تحقیقات کا حکم دیا ہے۔کمیٹی کا اجلاس آج قائمقام چیئرمین اور رکن صوبائی اسمبلی شوکت علی یوسفزئی کی زیر صدارت کے پی ہاؤس ایبٹ آباد میں منعقد ہوا اجلاس میں اراکین اسمبلی ارباب اکبر حیات خان‘ مفتی سید جانان اور قربان علی نے شرکت کی اجلاس میں سال 2012-13ء سے متعلق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کی روشنی میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پر 2009-10 ء کے بارے میں مختلف آڈٹ اعتراضات پر گرما گرم بحث ہوئی اور اس بحث کی روشنی میں کئی ایک اہم فیصلے کئے گئے ۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ایبٹ آباد اور ہری پور کے درمیان ایک سڑک کی تعمیر پر تین کروڑ بائیس لاکھ ساٹھ ہزار روپے کے اخراجات کی تحقیقات کا معاملہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے سپرد کردیا ہے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے قائمقام چیئرمین شوکت علی یوسفزئی نیں ذیلی کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ آج ہی موقع کا معائنہ کر کے فوری جامع رپورٹ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پیش کریں اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کیلئے کیا گیا کنسلٹنٹ کا سروے اور روڈ کی ڈیزائننگ ناقص تھی جس کے باعث کنسلٹنٹ کو پہلے ہی بلیک لسٹ کردیا گیا ہے اس موقع پر کمیٹی نے استفسار کیا کہ کنسلٹنٹ کو اتنی آسانی سے کیسے چھوڑ دیا گیا ۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ہنگو میں کمیونٹی آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ایک کروڑ ترانوے لاکھ روپے کی لاگت سے ایک شنگل روڈ کی تعمیر میں رقوم کی ادائیگی کی طریقہ کار پر سخت ردعمل کا اظہار کیا اور اراکین اسمبلی مفتی سید جانان اور سید جعفر شاہ پر مشتمل پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کے سپرد کردیا اس موقع پر ایم پی اے مفتی سید جانان نے واضح کیا کہ موقع پر کوئی کام نہیں ہوا بلکہ صرف پیسوں کی تقسیم ہوئی ہے۔کمیٹی نے سی اینڈ ڈبلیو بٹگرام کے تحت ایک سڑک کی تعمیر کے سلسلے میں 2کروڑ 11 لاکھ روپے کی زائد ادائیگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کو تفصیلی چھان بین کیلئے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سب کمیٹی کے حوالے کردیا۔پی اے سی نے سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ بنوں کے تحت ایک سڑک کی تعمیر پر 21 لاکھ90 ہزار روپے سے زائد کی ادائیگی کا بھی سختی سے نوٹس لیا اور موقف اختیار کیا کہ اتنے بڑے غبن اور خرد برد کسی اور منصوبے میں نہیں دیکھی۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ذیلی کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ وہ ان معاملات کی شفاف انداز میں تحقیقات کریں اور تحقیقات کے دوران انصاف کے تمامتر تقاضے پورے کریں کمیٹی نے ذیلی کمیٹیوں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اپنی معاونت کے لئے ماہرین کی معاونت حاصل کریں۔اجلاس میں ڈی جی پی اینڈ ڈی شاہ رحمان‘ ڈی جی آڈٹ جاوید اقبال ایڈیشنل سیکرٹریز امجد علی‘ اسرار محمد‘ پرویز خان‘ ڈپٹی سیکرٹری اسمبلی انعام اللہ خان اور اسسٹنٹ سیکرٹری حارث خان کے علاوہ پی اینڈ ڈی اور سی اینڈ ڈبلیو کے متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Theme