برلن(یوا ین پی)جرمن شہر فرینکفرٹ میں گزشتہ روز دنیا کے سب سے بڑے تصور کیے جانے والے کتاب میلے کا افتتاح ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان رشدی کی شرکت پر ایران نے مسلم ملکوں سے میلے کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔ سلمان رشدی کی آمد اور ایرانی بائیکاٹ کے بعد اِس کتاب میلے کو متنازعہ خیال کیا جا رہا ہے۔ ایران کے بائیکاٹ کے حوالے سے میلے کے ڈائریکٹر ڑویرگن بْوس کا کہنا ہے کہ اِس میلے کو سیاست کی نذر ہونے سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے اور رواں برس کے میلے کا ایک بنیاد ی موضوع آزادی رائے ہے۔ بْوس کے مطابق سلمان رشدی کو اِس میلے کے موضوعات کے تناظر میں بطور مقرر دعوت دی گئی ہے۔ ایران نے کتاب میلے کے بائیکاٹ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آزادء رائے کا بہانہ بنا کر عالم اسلام کی ناپسندیدہ شخصیت کو کتاب میلے میں شریک ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔