قدرتی آفات سے بچنے کا واحد ذریعہ احکامات خداوندی پر عملدرآمد میں ہے :ممبر قومی اسمبلی
ملتان (یوا ین پی) ممبر قومی اسمبلی و تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ملک محمد عامر ڈوگر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے ، قدرتی آفات سے بچنے کا واحد ذریعہ احکامات خداوندی پر عملدرآمد میں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ زلزلے کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کا جو ضیاع ہوا ہے اس پر پوری قوم افسردہ ہے یہ قومی سانحہ سے کم نہیں ان حالات میں وفاقی حکومت ، افواج پاکستان سمیت ملک بھر کے صوبوں کی جانب سے عوامی ریلیف کے حوالے سے جو اقدامات اٹھائے جارہے ہیں وہ حوصلہ ا فزاء ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواا حکومت اور مرکزی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان خیبر پختونخوا سمیت ملک کے دیگر متاثرہ علاقوں میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کے کاموں کی خود نگرانی کررہے ہیں جو کہ حوصلہ افزاء اقدام ہے ۔ ملک محمد عامر ڈوگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کے اس خطے میں واقع ہے جہاں زلزلہ ہائی رسک ایریا بنتا ہے ایسے حالات میں ہمیں اپنی عمارتوں ، پلازوں اور رہن سہن کے طریقوں میں تبدیلیاں لانی ہوں گی تاکہ اس طرح کا سانحہ دوبارہ رونما نہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ استغفار کررہی ہے اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پوری قوم اور وطن عزیز کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے اعمال کی طرف بھی توجہ دینا ہوگی اور صوم الصلوٰۃ کی پابندی کے ساتھ ساتھ ارشادات اللہ تعالیٰ پر عملدرآمد کرکے اپنے آپ کو مصائب و آلام سے بچایا جاسکتا ہے بہر حال بحیثیت قوم ہم آزمائش کی اس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم حوصلہ مند ، جرأت اوربہادر ہے لیکن دل ہلادینے والی آفات سے انسان بے بس ہوجاتا ہے ایسی صورتحال میں ہم بحیثیت مسلمان اپنی خود احتسابی کرنا ہوگی اور اعمال صالح کے ذریعے ان آفات سے اپنے آپ کو بچانا ہوگا ۔