بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، پنجاب اور سندھ کے 26 اضلاع میں پولنگ آج ہو گی

Published on November 19, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 246)      No Comments

لاہور (یو این پی) بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں سندھ اور پنجاب کے چھبیس اضلاع میں پولنگ آج ہو گی۔ دونوں صوبوں میں دو کروڑ سے زائد رائے دہندگان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پولیس اور رینجرز کی زیرنگرانی انتخابی سامان پولنگ اسٹیشنز پر پہنچا دیا گیا ہے۔پنجاب کے بارہ اور سندھ کے چودہ اضلاع میں پولنگ صبح ساڑھے سات بجے شروع ہو گی جو بغیر کسی وقفے شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر اسلحہ کی نمائش پر مکمل طورر پر پابندی ہو گی۔ سکیورٹی کے باعث ضلع سانگھڑ میں انتخابات ملتوی کر دئیے گئے ہیں۔پنجاب میں اٹک، جہلم، میانوالی، حافظ آباد، منڈی بہاء الدین، گوجرانوالہ، ساہیوال، خانیوال، چنیوٹ، سرگودھا، شیخوپورہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انتخابات ہوں گے۔ ایک کروڑ چھیالیس لاکھ پچاسی ہزار آٹھ سو بائیس رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان اضلاع میں گیارہ ہزار آٹھ سو انہتر پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے نو سو ساٹھ انتہائی حساس اور تین ہزار ایک سو بارہ حساس ہیں۔ صوبے میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان اہم مقابلہ ہو گا۔سندھ کے ضلع حیدرآباد، ٹھٹھہ، سجاول، مٹیاری، جام شورو، دادؤ، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، میرپورخاص، نواب شاہ، نوشہرو فیروز، عمرکوٹ اور تھرپارکر میں کل چارہزار چار سو پینتالیس امیدوار میدان میں ہیں۔ ان اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد اکہتر لاکھ انسٹھ ہزار چار سو چورانوے ہے۔ صوبے میں سولہ سو بیاسی پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے پانچ سو سات انتہائی حساس اور پانچ سو چونتیس حساس ہیں۔ان اضلاع میں ستائیس ہزار پولیس اہلکار اور اکیس سو پچاس رینجرز اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دیں گے جبکہ فوج کے جوان اسٹینڈبائی رہیں گے۔ سب سے دلچسپ معرکہ بدین میں متوقع ہے جہاں پیپلزپارٹی کے باغی رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے حامیوں کا سامنا پی پی پی امیداروں سے ہو گا۔ انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے اسلام آباد میں کنٹرول روم جبکہ دونوں صوبوں میں خصوصی شکایات سیل بھی کام کریں گے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Weboy