سانحہ آرمی پبلک سکول میں ملوث 4 مجرموں کو کوہاٹ جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

Published on December 2, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 594)      No Comments

download
راولپنڈی/ کوہاٹ(یوا ین پی)سانحہ آرمی پبلک سکول میں ملوث چار مجرموں کو کوہاٹ جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 30نومبر کو چاروملزموں کے بلیک وارنٹس پر دستخط کیے تھے جبکہ اس سے قبل وزیر اعظم میاں نواز شریف کی ایڈوائس پر صدر مملکت ممنوں حسین نے مجرموں کی رحم کی اپیلیں مسترد کر دی تھیں، جن مجرموں کو پھانسی دی گئی ان میں قاری عبدالسلام ، حضرت علی، سبیل عرف یحییٰ اور مجیب الرحمٰن عرف علی شامل ہیں۔ چاروں مجرموں کو 30نومبر کے بعد کوہاٹ منتقل کیا گیا تھا اور بدھ کی صبح چاروں مجرموں کو پھانسی دے دی گئی، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور کوہاٹ جیل کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے تھے۔چاروں مجرم سانحہ آرمی پبلک سکول میں ملوث تھے اور مجرموں نے حملے کی منصوبہ بندی میں بھی حصہ لیا جبکہ مجرموں نے حملہ آوروں کو اسلحہ اور رہائش فراہم کی اور سہولت کار کا کردار بھی ادا کیا ،مجرم کے پی کے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے ،چاروں مجرموں کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا تھا اور جرم ثابت ہونے پر ان مجرموں کو سزائے موت کا حکم سنایا گیا تھا جبکہ سپریم کورٹ نے بھی مجرموں کی پھانسی کے خلاف درخواستیں مسترد کر دی تھیں ، صدر مملکت کی جانب سے رحم کی اپیلیں مسترد ہونے کے بعد آرمی چیف نے مجرموں کے بلیک وارنٹس پر دستخط کیے تھے واضح رہے کہ پھانسی سے قبل مجرموں کا میڈیکل چیک اپ بھی کیا گیا اور لواحقین سے آخر ی ملاقلات کروائی گئی۔ پھانسی کے بعد مجرموں کی نعشیں لواحقین کے حوالہ کر دی گئیں واضح رہے کہ 16دسمبر 2014کو پشاور کے آرمی پبلک سکول میں دہشت گردوں کے حملے میں 132بچوں سمیت 150افراد شہید ہو گئے تھے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress主题