مٹاپے پر کنٹرول کر کے بہت سی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے، ماہرین

Published on March 4, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 516)      No Comments

444
متوازن غذا انسانی صحت کی محافظ ہوتی ہے اور غیر متوازن خوراک صحت کیلئے تباہ کن 
عالمی یومِ خوراک کے موقع پرماہرین کا سیمینار سے خطاب
اسلام آباد (یوا ین پی)آبادی کا ایک بڑا حصہ مٹاپے کے مرض میں مبتلا ہو چکا ہے جسکی وجہ سے غیر متاوازن غذا کا استعمال اور جسمانی مشقت میں کمی ہے۔مٹاپا بہت سی جسمانی بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔جبکہ مٹاپے پر کنٹرول کر کے بہت سی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ ایسی خوراک جس میں تمام غذائی اجزاء صحیح تناسب سے موجود ہوں وہ نہ صرف انسان کی بہتر نشونما کیلئے ضروری ہے بلکہ جسم کو مختلف پیچیدہ اور خطرناک امراض سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔انسانی جسم کو ہمہ وقت غذائیت کی ضرورت ہوتی ہے جو صرف متوازن اور صحت بخش غذا سے ہی حاصل ہو سکتی جب کہ غیر متوازن غذا مٹاپے کا سبب بن سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار غذائی ماہرین نے شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں “عالمی یومِ خوراک “کے موقع پر”مٹاپا کیسے کم کریں” کے موضوع پر منعقد کئے گئے سیمینار کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار میں ماہرین غذا سمیت ڈاکٹروں ،طلباء اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔شفا انٹرنیشنل کے شعبہ غذا و غذائیت کی سربراہ ڈاکٹر رزان خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں صحت بخش غذا کا انتخاب کرتے ہوئے ضروری حد تک کیلوریز اوربنیادی غذائی اجزاء کو ضرور مد نظر رکھنا چاہئیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غذا میں فائبر،وٹامن اے،کیلشیم اور آئرن کا استعمال زیادہ جبکہ چکنائی و چربی،سوڈیم اور کولسٹرول کم ہونا چاہئیے۔انہوں نے حاضرین کو مشورہ دیا کہ صحت مند رہنے کیلئے مختلف قسم کی غذا استعمال کریں۔ورزش کریں۔ مناسب حد تک سوئیں اور اپنے وزن کو نہ بڑھنے دیں۔ ڈاکٹر رزان خان نے کہا ہے کہ جو لوگ خوراک کا غیر متوازن استعمال کرتے ہیں اور معمول کے مطابق مناسب اوقات پر مناسب غذا نہیں کھاتے انہیں بہت پیچیدہ مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خوارک کا منظم استعمال بہت سی بیماریوں سے بچانے کے ساتھ ساتھ مریضوں کو صحت یابی کی طرف بھی لاتا ہے۔ڈاکٹر رضان خان نے کہا کہ ماہرین خوراک وزراعت معاشرے میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے عوام میں بہتر غذائی عادات کے متعلق آگاہی پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوراک کا غیر متوازن استعمال مختلف قسم کے سرطان سمیت انتہائی خطرناک بیماریوں کا موجب بن سکتا ہے۔ انہوں نے خوراک کے مناسب و متوازن استعمال پر زور دیا تاکہ صحت کے مسائل سے بچا جا سکے اورانہوں نے کہا کہ جسم کے وزن کے مطابق پانی کی مقدار کا تناسب برقرار رکھتے ہوئے پانی پینا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ پانی کا زیادہ استعمال یا جسم سے کم اخراج دل،دماغ اور پھیپھڑوں کے نظام کو متاثر کر سکتا ہے۔ جبکہ پانی کا کم استعمال یا جسم سے زیادہ اخراج کم فشارِ خون کا باعث بنتا ہے جودماغ اور گردوں کیلئے خطرناک ہے۔ڈاکٹر رزان نے حاضرین کو مشورہ دیا کہ جسم کے ہر ایک کلو گرام وزن کیلئے 30سے35کلو کیلوریز لازمی ہیں۔اس کے علاوہ0.8سے0.12گرام پروٹین فی کلو جسمانی وزن استعمال انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وٹامن بھی جسم کیلئے بہت ضروری ہیں اور ان کی کمی سے بھی مختلف امراض لاحق ہو سکتے ہیں۔سیمینار کے شرکاء کیلئے غذا کے مفید استعمال کیلئے مفت مشورے اور غذائی ٹیسٹ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ صحت مند خوراک و غذا کا ماڈل بھی لگایا گیا ۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress主题