لاہورخودکش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 72 ہوگئی

Published on March 28, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 441)      No Comments

479777-lahoreblast-1459093877-453-640x480لاہور… گلشن اقبال پارک کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت جاں بحق افراد کی تعداد 72 ہوگئی جب کہ 300 سے زائد افراد اب بھی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ لاہورمیں خوفناک دھماکا گلشن اقبال پارک کے گیٹ نمبرایک پر بچوں کے جھولوں کے قریب قریب شام 6 بج کر 44 منٹ پر زور داردھماکا ہوا جہاں خواتین و بچوں کا رش تھا جس کے نتیجے میں 29 بچوں اور خواتین سمیت 72 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ پورا علاقہ ہل کر رہ گیا اور ہر طرف افراتفری مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، فائر بریگیڈز، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جنھوں نے علاقے کو سیل کر دیا ۔ پاک فوج کے افسران و جوان بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔دھماکے کے بعد لوگوں کے ہاتھ ، پائوں اور ٹانگوں سمیت مختلف اعضا جسموں سے الگ ہوکر زمین پر بکھر گئے،ہر طرف خون ہی خون دکھائی دے رہا تھا ، زخمیوں کی کربناک چیخیں فضا میں گونجتی رہیں، وسیع و عریض پارک میں افراتفری کا عالم تھا ،جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ امدادی ٹیموں نے لاشوں اورزخمیوں کو ایمبیولینسوں کے ذریعے جناح ، شیخ زید ،فاروق و دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا، لوگ اپنے پیاروں کو رکشوں میں ڈال کر بھی اسپتال منتقل کرتے رہے ،دھماکے کے بعد لاہور کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ،چھٹی کرکے گھروں کو جانے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو دوبارہ ڈیوٹی پر بلا لیا گیا۔ جناح اسپتال میں 100، شیخ زید میں 42، فاروق اسپتال میں 43، جنرل اسپتال میں 12، گنگا رام میں 25 اور میو اسپتال میں 5 زخمیوں کو لایا گیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Themes