عوامی راج پارٹی جمشید دستی کا نئی سیاسی پارٹی کا اعلان

Published on March 31, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 295)      No Comments

111
اسلام آباد (یو این پی)  عوامی راج پارٹی ملک میں کرپشن پر سزائے موت اور وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کرے گی، وطن عزیز میں صدارتی نظام، صدر کا انتخاب براہ راست عوام کے ووٹوں سے کیا جائے گا، صدر اور کابینہ کے ارکان کے دفاتر اور رہائش گاہیں دو کمروں سے زیادہ پر مشتمل نہیں ہوں گے، صدر کے ساتھ دو ملازم ایک دفتری امور اور دوسرا محافظ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی صدر عوامی راج پارٹی جمشید احمد دستی نے اپنی نئی سیاسی پارٹی کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی پارٹی جس کا نام ’’عوامی راج پارٹی‘‘ ہے، کے منشور کے مطابق ملک میں کرپشن کرنے والوں کیلئے سزائے موت جبکہ وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کرے گی۔ صدر کا انتخاب براہ راست عوام کے ووٹوں سے کیا جائے گا۔ صدر جو کابینہ تشکیل دے گا اس کی تعدا د ایک درجن سے زائد نہیں ہوگی۔ صدر اور کابینہ کے ارکان کی تنخواہ ایک عام مزدور کے برابر ہوگی۔ صدر اور کابینہ کے ارکان کے دفاتر اور رہائش گاہیں دو کمروں پر مشتمل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلد یاتی نظام و ویلج کونسلوں کا قیام عمل میں لائیں گے۔ ابتدائی جمہورتیوں کا نظام قائم کیا جائے گا تمام محکمے اس نظام کے تحت کام کریں گے۔ فوری اور فری انصاف کے لئے دو ماہ کے اندر اندر ہر طرح کے مقدمات کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ضلعی سطح پر احتساب عدالتیں قائم ہوں گی۔ نظام تعلیم کے تحت ملک بھر میں ہر سطح کے استاد کا وقار بحال کیا جائے گا ان کی عزت نفس کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ قرآن کی تعلیم پہلی جماعت سے لازم ہوگی۔ پی ایچ ڈی تک تعلیم مفت ہوگی۔ ملک و قوم کے تمام افراد کے لئے علاج کی بہتر او ر مفت سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اصلاحات سے متعلق انہوں نے کہا کہ کسانوں کو آبپاشی کے لئے بجلی مفت، بغیر سود قرضے، کھاد او ر بیج کی خریداری میں سبسڈی دی جائے گی۔ فصلوں کی قیمتوں کا تعین کسانوں کے وسیع تر مفاد میں کیا جائے گا۔ تمام مزدو ر اور ملازمین کے کام کا دورانیہ 6 گھنٹے ہوگا۔ انہیں تمام بنیادی حقوق حاصل ہوں گے ۔ پولیس کے موجودہ نظام کو تبدیل کیا جائے گا۔ ٹیکس وصولی کے نظام کو تنظیموں کے نمائندوں کی مشاورت سے قابل قبول بنایا جائے گا۔ بے روزگاروں کو روزگار دینے کی ذمہ داری ریاست کی ہوگی۔ شناختی کارڈ کے اجرا کیلئے 16 سال کی عمر مقرر کی جائے گی۔ ملک میں مو جود تمام اقلیتوں کو تحفظ دیا جائے گا۔ چھوٹے او ر بڑے ڈیمز بنائے جائیں گے بجلی کی پیداوار بڑھائی جائے گی، پانی کے ضیاع کو روکا جائے گا تاکہ بنجر ز مینوں کو آباد کیا اور ملک کو سیلابوں سے محفوظ بنایا جا سکے، ملک بھر میں مجوزہ تمام نئے صوبوں کے قیام کیلئے قومی کمیشن بنایا جائے گا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress主题