پشاور میں چوہا مارنے پر 25 روپے انعام

Published on March 31, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 598)      No Comments

666
پشاور:(یو این پی) صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر سے چوہوں کے خاتمے کے لیے ان کے ‘سر کی قیمت’ مقرر کر دی۔ ناظمِ شہر محمد عاصم خان کی سربراہی میں اس مسئلے کے حل کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جہانگیر خان، پبلک ہیلتھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد عاطف ا ور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران نے شرکت کی۔ یہ مسئلہ ا س وقت اجاگر ہوا جب حال ہی میں پشاور کے مضافاتی علاقے حسن گڑھی میں ایک نومولود بچہ چوہے کے کاٹنے کی وجہ سے ہلاک ہوگیا تھا۔ اجلاس کے دوران ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ شہر میں جو کوئی بھی چوہا مارے گا، اسے انعام کے طو ر پر فی چوہا 25 روپے دیئے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے شہر کے چاروں ٹاؤنز میں مخصوص پوائنٹس بنائے گئے ہیں اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ چوہے ان مقامات پر لا کر پھینکیں اور اپنے انعام حاصل کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک موبائل سروس کا بھی آ غاز کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہر کے مضافات میں مارے جانے والے چوہے جمع کیے جا سکیں۔ ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ حکام کو شہریوں کو چوہے مار زہر تقسیم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ چوہوں کے خلاف آپریشن کے سربراہ نصیر احمد کا کہنا تھا کہ ‘شہر کو چوہوں سے صاف کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ یہ معاملہ حال ہی میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایک رکن کے ‘توجہ دلا نوٹس’ کے بعد زیر بحث آیا۔ صوبائی وزیر صحت شہرام خان ترکئی نے سوال اٹھایا تھا، ‘آیا یہ چوہے کسی اور نے صوبے میں بھیجے ہیں’۔ جس پر اراکین اسمبلی کی جانب سے انتہائی دلچسپ ریمارکس سننے کو ملے تھے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Blog