لاہور… تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی اور چوہدری سرور کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے اور یکم مئی کو لاہور میں پارٹی جلسے سے قبل چوہدری سرور نے لندن جانے کا فیصلہ کرلیا۔ تحریک انصاف میں اختلافات کی دم توڑتی خبریں ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کرگئیں اور کئی رہنما شاہ محمود قریشی کے فیصلوں سے سخت ناراض ہیں جب کہ یکم مئی کو لاہور میں جلسے سے قبل چوہدری سرور نے لندن جانے کا فیصلہ کرلیا جس سے ان کی ناراضگی مزید واضح ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی اور چوہدری سرور کے درمیان کئی بار تلخ کلامی ہوچکی ہے اور اب دونوں کے درمیاں اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں جس کے باعث وہ آج رات لندن روانہ ہوجائیں گے اور ان کا ٹکٹ بھی کنفرم ہے۔ تحریک انصاف کے ذرائع نے چوہدری سرور کی ناراضگی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری سرور لندن میں بیٹے کی الیکشن مہم کا حصہ بننے جارہے ہیں اور پارٹی چیئرمین عمران خان نے انہیں جانے کی اجازت دی ہے۔