نو سالہ پاکستانی بچی کے زبردست کارنامے پر شاہ عزیز ایوارڈ

Published on May 12, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 717)      No Comments

333
اسلام آباد(یواین پی) سرگودھا کی 9 سالہ بچی زیمل عمر نے ایک ماحول دوست کاروباری منصوبہ شروع کر کے نہ صرف دنیا کو حیران کر دیا بلکہ پاکستان کی سب سے کم عمر سوشل اینٹرپرونیئر کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔ زیمل سرگودھا کی سڑکوں پر کاغذات اور پلاسٹک بیگز کی بھرمار سے پریشان تھیں اور انہوں نے اس سے کارآمد اشیا بنانا شروع کر کے زی بیگز نام سے ایک چھوٹا سا کاروبار شروع کیا ہے جسے بہت پذیرائی مل رہی ہے۔ ذرائع سے بات کرتے ہوئے زیمل نے کہا کہ 3 برس قبل وہ اپنے والدین کے ساتھ خریداری کررہی تھیں کہ ان کے ذہن میں کوڑا کرکٹ کو کارآمد اشیا میں تبدیل کرنے کا خیال آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پلاسٹک کی آلودگی کے خلاف تھیں اور اس کے لیے ان کو ایک دکاندار نے بہت متاثر کیا کیوں کہ وہ گاہکوں کو پلاسٹک بیگز کی بجائے پرانے اخبارات سے بنی تھیلیوں اور لفافے میں اشیا فروخت کررہا تھا۔ زیمل نے کہا کہ اس کے بعد انہیں بھی پلاسٹک اور اخبار سے بیگز اور اشیا بنانے کا خیال آیا جس کے بعد انہوں نے سینکڑوں بیگ بناکر فروخت کیے اور اس کی رقم ایک فلاحی تنظیم ایس او ایس ولیج کو دی جہاں یتیم بچوں کی کفالت کی جاتی ہے۔ زیمل کا کہنا تھا کہ ان کو یہ کام بہت پسند ہے اور وہ بڑی محنت سے بیگ بنا کر اس پر نقش و نگاری کر کے اسے خوبصورت بناتی ہیں۔ زیمل کا کہنا تھا کہ وہ ملک سے غربت ختم کرنا چاہتی ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ ایسا کاروبار شروع کیا جائے جس سے ماحول کو فائدہ پہنچ سکے۔ پاکستان کی سب سے کم عمر کاروباری شخصیت کے ناطے زیمل کو پاکستان کے سیکریٹری تعلیم کی جانب سے گولڈ میڈل عطا کیا گیا ہے اور سعودی عرب مدعو کرکے شاہ عزیز ایوارڈ بھی دیا گیا ہے جو بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری کیا گیا ہے ۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress主题